عمران ہاشمی نے ’’ٹائیگر 3‘‘ تھری میں کونسا کردار ادا کیا؟

بالی ووڈ بھائی جان سلمان خان کی نئی فلم ’’ٹائیگر تھری‘‘ میں عمران ہاشمی کے کردار کو کافی دلچسپ قرار دیا جا رہا ہے، فلم کو دیوالی پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ عمران ہاشمی کا اپنے کردار کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ فلم میں ’’پاکستانی ولن‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں، سلمان خان کی ’’ٹائیگر تھری‘‘ کا ٹریلر چند دن قبل ریلیز کیا گیا تھا جو کہ ان کی ’’ٹائیگر‘‘ سیریز کی تیسری فلم ہے۔’’ٹائیگر‘‘ سیریز کی پہلی فلم 2012 میں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کے نام سے ریلیز ہوئی تھی، جس کا سیکوئل 2017 میں ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کے نام سے جاری کیا گیا اور اب سیریز کی تیسری فلم ’’ٹائیگر تھری‘‘ کو نومبر میں پیش کیا جائے گا۔’’ٹائیگر 3‘‘ سیریز کی کہانی میں سلمان خان بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ سیریز کی پہلی دونوں فلموں میں کترینہ کیف کو ’’زویا‘‘ نامی پاکستانی ایجنٹ کا کردار ادا کرتے دکھایا گیا، تیسری فلم میں ’زویا اور ٹائیگر‘ کی شادی کو دکھایا گیا ہے اور انہیں ایک بیٹا بھی ہوجاتا ہے جب کہ نئی فلم میں عمران ہاشمی نے پاکستانی ولن کا کردار ادا کیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ’ٹائیگر تھری‘ کی تمام مرکزی کاسٹ مسلمانوں پر مبنی ہے، یعنی سلمان خان بھارتی ایجنٹ بنے ہیں جو پاکستانی ولن کو سبق سکھاتے دکھائی دیتے ہیں جب کہ عمران ہاشمی پاکستان کے برے شخص کے طور پر نظر آئیں گے۔اسی طرح کترینہ کیف بھی مسلمان ہیں اور وہ پہلی دونوں فلموں میں پاکستانی جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں اور اب بھارتی ایجنٹ کی بیوی کے طور پر نظر آئیں گی۔شوبز ویب سائٹ فلم فیئر کے مطابق ’ٹائیگر تھری‘ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد عمران ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وہ لوگوں کو یہ بتانے کے لے بے تاب تھے کہ وہ سلمان خان کی فلم میں انتہائی خطرناک پاکستانی ولن کے طور پر نظر آئیں گے۔ شائقین ان کے کردار کو سراہ رہے ہیں اور بطور سپر ولن ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور وہ اس بات سے انتہائی خوش ہیں کہ شائقین انہیں منفی روپ میں بھی پسند کر رہے ہیں۔عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ فلم میں وہ ایک ایسے بااثر اور طاقتور پاکستانی ولن بنے ہیں جن کا متعدد ممالک کے اعلیٰ سرکاری افسران پر رعب و دب دبا ہوتا ہے جس کا واحد مقصد بھارتی ایجنٹ ’ٹائیگر‘ کو راستے سے ہٹانا ہوتا ہے۔سلمان خان کی ’ٹائیگر تھری‘ کو آئندہ ماہ دیوالی کے موقع پر 12 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا، ان کی اسی سیریز کی پہلی دونوں فلموں پر پاکستان میں پابندی لگائی گئی تھی جبکہ اب تو پاکستان میں تمام بالی ووڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔
