اداکارہ مریم نے عثمان خالد بٹ کو جگر کا ٹکڑا قرار کیوں دیا؟

اداکارہ مریم نفیس نے عثمان خالد بٹ کو اپنے جگر کا ٹکڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ لڑکا اور لڑکی جسمانی تعلقات کے بغیر بھی اچھے دوست بن سکتے ہیں، اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنی شادی سے متعلق سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔ایک مداح کے پوچھنے پر انہوں نے فخر سے بتایا کہ انہیں منہ دکھائی کی رسم میں سپلیمنٹری کریڈٹ کارڈ ملا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے کریڈٹ کارڈ میں کتنی لمٹ ہے؟ ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ پہلے انہیں شوہر نے شادی کی پیش کش کی تھی اور دونوں کی پہلی ملاقات میوزک کی ویڈیو بنانے کے دوران ہوئی تھی۔مریم نفیس نے شوہر کے ہمراہ پہلی بار کھچوائی گئی پرانی تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ گانے کی ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک دوسرے کو دیکھا تھا، اداکارہ نے اعتراف کیا کہ نکاح نامے پر دستخط کرتے وقت وہ گھبرائی ہوئی تھیں لیکن ساتھ ہی اعتراف کیا کہ انہیں خوشی بھی ہوئی، انہوں نے ولیمے کی تقریب یتیم اور بے سہارا بچوں کے ساتھ وقت گزار کر کی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والدین وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رہتے ہیں لیکن وہ شوہر کے ہمراہ دوسرے شہر میں رہتی ہیں، اس لیے وہ والدین سے ملنے ہر 15 یا 20 دن بعد اسلام آباد جاتی ہیں، اداکارہ نے ان کی ڈانس ویڈیو کا کلپ شیئر کیا اور بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ اس وقت عثمان خالد بٹ بہت خوش ہوئے ہوں گے اور کہا ہوگا کہ ان کی جان چھوٹی۔ اسی طرح ایک اور مداح نے ان سے پوچھا کہ ریڈٹ پر ان سے متعلق افواہیں ہیں کہ ان کے عثمان خالد بٹ سے تعلقات رہے تھے لیکن انہیں ایسی باتوں پر یقین نہیں آ رہا؟اس پر مریم نفیس نے کہا کہ یہ بالکل ٹھیک باتیں ہیں اور ساتھ ہی واضح کیا کہ ایک لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی بھی لالچ اور جسمانی تعلقات کے بغیر بھی دوستی اور احترام کا رشتہ ہو سکتا ہے۔ ایک مداح نے مریم نفیس سے پوچھا کہ ان کی شادی پر عثمان خالد بٹ بہت خوش تھے، ان کا ان سے کیا رشتہ ہے؟ اس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ وہ ان کے جگر کے ٹکڑے ہیں۔خیال رہے کہ مریم نفیس نے مارچ 2022 میں دیرینہ دوست، ہدایت کار اور فوٹوگرافر امان احمد سے شادی کی تھی۔

Back to top button