اداکارہ مشی خان کا بھائی کے انتقال پر جذباتی پیغام

معروف اداکارہ مشی خان نے بھائی کے انتقال کے بعد مداحوں کیلئے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
اداکارہ کے بھائی ڈاکٹر محمد خاور خان دل کا دورہ پڑنے سے چک شہزاد کے اسپتال میں انتقال کرگئے۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کے بھائی کو کئی دوسری بیماریاں بھی لاحق تھیں جن میں کووڈ اور پھیپھڑوں میں انفیکشن اور نمونیا کا مسئلہ شامل تھا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کا کوئی قریبی بیمار ہے اور وہ کچھ کہہ رہا ہے، اس کا دل کسی بات پر رضامند نہیں تو خدارا اس کی بات سنا کریں۔ان کا کہنا تھا اسے یہ ہرگز نہ کہا کریں کہ تمہیں ایسا لگ رہا ہوگا یا تمہارا دل ویسے ہی گھبرا رہا ہوگا، انسان کے اندر کی آواز بھی ہوتی ہے جس پر ہمارے معاشرے میں یقین نہیں کیا جاتا، اسے سنیں کیونکہ وہ کافی مشکلات کا حل بھی ہوتی ہے۔
دوسری جانب اداکارہ نے ایک اور ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے اسپتال کے عملے پر سخت تنقید کی اور بتایا کہ ڈاکٹر سمیت نرسنگ اسٹاف کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھا۔انہوں نے شکستہ لہجہ میں کہاکہ پیاروں کے بچھڑنے پر بہت آسانی سے ڈاکٹرز بول دیتے ہیں کہ اللہ کو یہ ہی منظور تھا لیکن انسان بھی تو اپنی جانب سے کوشش کرتا ہے نا۔
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میرا بھائی مسلسل کہہ رہا تھا کہ اس کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے لیکن عملے نے اس بات کو انتہائی غیر ضروری سمجھا۔
اداکارہ سے متعدد صارفین نے اظہار تعزیت کیا اور ان کے بھائی کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا بھی کی۔

Back to top button