اداکار عمران اشرف کو شوبز کی پہلی کمائی کتنی ملی تھی؟

معروف اداکار، لکھاری عمران اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ جب انھوں نے شوبز کے میدان میں قدم رکھا تو اپنی پہلی تنخواہ 500 روپے حاصل کیے تھے جس میں 300 روپے والدہ کو دیئے تھے۔عمران اشرف نے بطور چائلڈ آرٹسٹ بھی کام کیا تھا لیکن پھر طویل عرصے تک اسکرین سے غائب رہے اور 2010 کے بعد دوبارہ شوبز انڈسٹری کا حصہ بنے، اب تک متعدد مقبول ڈراموں میں کام کیا ہے جبکہ انہوں نے ’دم مستم‘ نامی ایک فلم میں بھی کردار ادا کیا تھا۔عمران اشرف نے حال ہی میں کامیڈی شو ’حد کردی‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ذاتی زندگی سمیت شوبز سے متعلق بھی کھل کر بات کی، بتایا کہ بچپن میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کرنے کے بعد وہ اپنی زندگی میں مصروف ہوگئے اور انہوں نے کبھی اداکاری کا سوچا ہی نہیں تھا، ان کے والد بینکار ہیں اور وہ اعلیٰ عہدے پر بھی فائز رہے جبکہ وہ ایک بینک کے صدر بھی رہے لیکن جب ان پر مشکل وقت آیا تو انہوں نے نوکری کرنے کا سوچا۔اداکار نے بتایا کہ والد کے مشکل حالات کے بعد وہ لاہور میں ایک دوست کے پاس ملازمت کے لیے جا رہے تھے کہ انہیں کراچی سے ایک پروڈیوسر کا فون آیا اور انہوں نے ان سے ڈرامے میں کام کرنے کا پوچھا اور پھر ان سے اپنی تازہ تصاویر بھیجنے کا کہا، اس وقت انہیں اس بات کا علم یا احساس نہیں تھا کہ پاکستانی ڈرامے کتنے دیکھے جاتے ہیں اور پھر وہ کراچی آگئے۔عمران اشرف نے کہا کہ جب ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران وہ کراچی کے ڈیفینس کے علاقے میں رہنے لگے، تب ان کے ڈرامے کا ٹیزر ریلیز ہوا جو اہل محلہ نے دیکھا اور سب نے انہیں کہا کہ ان کا ڈراما نشر ہو رہا ہے۔انہوں نے مثال دی کہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں ٹاپ ٹرینڈ پر رہتے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں اتنا ٹیلنٹ ہونے کے باوجود اچھے ڈرامے بنانے والوں کی کمی ہے۔عمران اشرف نے پروگرام میں ذاتی زندگی پر بھی بات کی اور کہا کہ اب ان کی زندگی کا ایک ہی مقصد ان کے بیٹے کی بہتر پرورش ہے، ان کے بیٹے خوش قسمت ہیں کہ ان کی بہتر پرورش کے لیے ان کے والد کے ساتھ ان کی والدہ بھی سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے بتایا کہ 2006 اور 2010 کے درمیان اگر کسی بچے کو 200 روپے دیے جاتے تھے تو وہ ان کے لیے بہت زیادہ رقم ہوتی تھی اور انہوں نے بھی 200 روپے میں خوب چار پانچ دن تک فرنچ فرائز سمیت دیگر چیزیں کھائیں۔

Back to top button