اداکارہ مائرہ خان نے سیاست کو ڈرامہ کیوں قرار دیا؟

اداکارہ مائرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ سیاست ڈرامے کا نام ہے بلکہ سیاست میں ڈرامے سے زیادہ ڈرامہ ہوتا ہے، اسی لیے میری سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔اداکارہ نے حال ہی میں کامیڈی ٹاک شو ’’گپ شپ‘‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سیاست سمیت شوبز پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ محض پانچ سال کی عمر سے اداکاری کی شروعات کی، وہ والدین کی اکلوتی اولاد ہیں، جس وجہ سے والدین انہیں بچپن میں ہی پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) ساتھ لے کر جاتے تھے۔انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور پی ٹی وی کی مقبولیت کا بھی دور دیکھا اور حالیہ دور کے اداکار ماضی کی مقبولیت کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اب اگرچہ شہرت حاصل کرنا یا پانا آسان بن چکا ہے لیکن اب والی شہرت کا اتنا زیادہ مزہ نہیں آتا، جتنا پی ٹی وی کے دور میں آتا تھا، اس وقت ایک ہی ڈرامے میں کام کرنے کے بعد ہر کوئی اداکار کو پہچاننے لگتا تھا اور لوگ پین اور قلم لے کر آٹوگراف لیتے تھے اور اس وقت شہرت کا زیادہ مزہ آتا تھا جب میگزین اور اخبارات میں تصاویر شائع ہوتی تھیں لیکن اب ایسا نہیں ہوتا۔ان کے مطابق وہ شروع سے ہی اداکارہ بننا چاہتی تھیں اور ان کی سیاست میں کوئی دلچسپی نہیں، البتہ اگر اتفاق سے وہ شوبز میں نہ آتیں تو اپنی ایک نئی سیاسی جماعت بنا کر اس کی سربراہ بن جاتیں، مائرہ خان نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آج تک ووٹ کاسٹ نہیں کیا، اعتراف کیا کہ اگرچہ ووٹ کاسٹ کرنا ان کی آئینی ذمہ داری ہے لیکن چوں کہ آج تک انہیں کوئی اچھا سیاست دان نظر ہی نہیں آیا، اس لیے انہوں نے کبھی ووٹ ہی کاسٹ نہیں کیا۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر اس بار بھی ووٹ کاسٹ نہیں کریں گی لیکن اگر انتخابات کے وقت کوئی اچھا سیاست دان میدان میں آگیا تو وہ ووٹ کاسٹ بھی کر سکتی ہیں۔اداکار تو پھر بھی ایک اسکرپٹ کو پڑھ کر ہدایت کار کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں لیکن سیاست دان سارا کھیل خود کھیل رہے ہوتے ہیں، اس لیے انہیں سیاست پسند نہیں اور کوئی بھی پاکستانی سیاست دان ان کا پسندیدہ نہیں۔
