اداکار منوج باجپائی اپنے ہی اثاثوں پر حیران کیوں؟

بالی ووڈ سٹار منوج باجپائی نے انکشاف کیا ہے کہ میڈیا پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات پڑھ کر حیران رہ گیا ہوں، 1 ارب 70 کروڑ روپے کے اثاثے سامنے کے بعد امید ہے کہ اب پروڈیوسر مجھے اچھا معاوضہ دیں گے۔’’ہندوستان ٹائمز‘‘ کے مطابق حال ہی میں متعدد بھارتی ویب سائٹس نے ذرائع سے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ منوج باجپائی کے پاس ایک ارب 70 کروڑ روپے کی دولت ہے، اداکار کی دولت میں اضافہ ان کی ویب سیریز کی کمائی کی وجہ سے ہوا اور اب وہ بالی وڈ کے امیر ترین اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔اخبار کے مطابق اپنے پاس 170 کروڑ روپے کے اثاثے ہونے کی خبریں سننے اور پڑھنے کے بعد منوج باجپائی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کاش کہ رپورٹس سچی ہو جائیں اور ان کے پاس اتنی دولت آ جائے، آج تک انہوں نے جس طرح کی فلمیں اور ویب سیریز کی ہیں، ان سے وہ اتنی دولت کما ہی نہیں سکتے، انہوں نے 2015 میں ’علی گڑھ‘ کی جبکہ 2018 میں ’بھونسلے‘ فلم کی اور ایسی فلموں سے اتنی دولت نہیں بنائی جا سکتی۔منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ حالت یہ ہے کہ وہ ابھی تک ان افراد سے پیسے لینے کی کوشش میں ہیں جن کے ساتھ انہوں نے فلمیں کیں، تاہم انہوں نے ان پروڈیوسرز کے نام نہیں بتائے۔ورسٹائل اداکار کا مزید کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی دولت سے متعلق خبریں پڑھنے کے بعد پروڈیوسرز ان کا معاوضہ بڑھائیں گے اور انہیں اچھی رقم ملنے لگے گی، وہ ابھی تک ان کوششوں میں مصروف ہیں کہ کسی نہ کسی طرح کچھ پیسے بچا کر اپنے اکاؤنٹ میں رکھ لیں لیکن ایسا ہو نہیں پا رہا۔ساتھ ہی منوج باجپائی نے واضح کیا کہ ان کے لیے پیسے کمانا یا دولت بنانا کبھی مقصد نہیں رہا، اپنے کام کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے پر فوکس کیا، کاش ویب سائٹس کی رپورٹس سچی ہوجائیں اور ان کے پاس کہیں نہ کہیں سے 170 کروڑ روپے آجائیں۔خیال رہے کہ منوج باجپائی نے بالی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 1994 کی فلم ’دروکال‘ کے ساتھ کیا، لیکن دوسرے اداکاروں سے برعکس وہ اپنے کیریئر میں آنے والی کامیابی کے ساتھ ناکامی کو بھی خاصی اہمیت دیتے ہیں، وہ زیادہ تر معاون کرداروں میں آتے ہیں۔

Back to top button