اسد خٹک کی سابقہ بیوی وینا ملک سے صلح کی خواہش

وینا ملک کے سابقہ شوہر اسد خٹک نے مولانا طارق جمیل سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں میاں بیوی کی صلح کروانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ وہ دوبارہ سے اکٹھے ہو پائیں۔ اگلے روز اسد خٹک بچوں کے حوالگی کیس میں چار سال بعد اپنی اولاد سے ملے تو جذباتی ہوگئے، اسد نے کہا کہ والدین بچوں کی زندگی میں بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، اسی لیے میں تین سال سے مولانا طارق جمیل سے رابطے کی کوشش کر رہا ہوں تاکہ وہ ہماری صلح کروانے میں کردار ادا کر سکیں۔ یاد رہے کہ وینا اور اسد گزشتہ پانچ سال سے بچوں کی حوالگی کے لیے قانونی جنگ میں مصروف ہیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف کراچی کی مختلف عدالتوں میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہو گئی تھی، جس کے بعد ان کے مابین بچوں کی حوالگی کی قانونی جنگ شروع ہوگئی تھی، بچوں کی حوالگی سے متعلق مقدمہ ابھی کراچی کی فیملی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
وینا ملک کی جانب سے بچوں سے ملاقات نہ کروانے پر اسد خٹک نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، جس پر عدالت نے وینا ملک کو بچوں کی والد سے ملاقات کروانے کے لیے 16 نومبر کو طلب کیا تھا۔ تقریبا ًچار سال بعد 16 نومبر کو اسد نے سندھ ہائی کورٹ میں بچوں سے ملاقات کی، جس پر وہ جذباتی بھی ہوگئے، عدالتی حکم پر وینا ملک بچوں کو لے کر عدالت پہنچی تھیں اور سماعت کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ بچوں کو والد سے ملنے نہیں دے رہی تھیں۔ انہوں نے بچوں اور اپنی طلاق پر مزید بات کرنے سے گریز کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ وہ بھی عام انسان ہیں، ان سے بھی زندگی میں کچھ غلطیاں ہوئیں، بچوں سے ملاقات کے بعد اسد خٹک نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً چار سال بعد بچوں سے پہلی ملاقات کی اور وہ بیٹی کو گود میں لینے کی خوشی بیان نہیں کر سکتے، انکاکہنا تھا کہ ان سے بچوں کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی تھی، جس وجہ سے انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔
اسد خٹک نے انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ تین سال سے مولانا طارق جمیل سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ ان کے بچوں کی حوالگی سے متعلق کوئی کردار ادا کریں مگر ان کا مولانا صاحب سے رابطہ نہیں ہو پا رہا، انہوں نے میڈیا کے توسط سے طارق جمیل کو درخواست کی کہ وہ ان کے اور وینا ملک کے درمیان تنازعات کو حل کرنے میں کردار ادا کریں۔
خیال رہے کہ وینا ملک نے اسد خٹک سے 2014 میں یو اے ای کی ریاست دبئی میں شادی کی تھی۔ وہ چند سال تک وہیں مقیم بھی رہیں، دونوں کے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں جو اس وقت وینا ملک کیساتھ پاکستان میں رہتے ہیں اور دو سال قبل اسد خٹک نے ان پر دبئی سے بچوں کو اغوا کر کے لے آنے کے الزامات بھی لگائے تھے، دونوں کی شادی محض تین سال ہی چل سکی، تاہم طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے دونوں کے درمیان گزشتہ پانچ سال سے قانونی جنگ جاری ہے۔
