اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانی ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار

ایف آئی اے نے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کرائم سرکل میرپور خاص نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت اختیار کرنے والے 5 پاکستانی ملزمان کو گرفتار کرلیا جب کہ مجموعی طور پر 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کر لیے گئے۔ ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، جنہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی۔ ملزمان نے اسرائیلی ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے۔ گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور کا تعلق میرپور خاص سے ہے، جو شینگن ویزے پر جارڈن ائرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے تھے۔
