محمد علی ملک سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر مقرر

وفاقی حکومت نے محمد علی ملک کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کا ڈپٹی گورنر مقرر کردیا ہے، ان کی تعیناتی 5 سال کے لیے کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد علی ملک کی تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ یہ تعیناتی سٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956 کی شق 11 اے (2) کے تحت کی گئی ہے، جس میں 2022 میں ترامیم کی گئی تھیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے محمد علی ملک کو 5 سال کی مدت کے لیے سٹیٹ بینک کا ڈپٹی گورنر مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔
محمد علی ملک کی تعیناتی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سٹیٹ بینک ملکی مالیاتی پالیسی، بینکاری شعبے کی نگرانی اور مالی استحکام برقرار رکھنے کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے اندرونی مالیاتی شعبے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن پر ڈپٹی سیکرٹری آمنہ شبیر کے دستخط ہیں۔
