پیٹرولیم ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع کریں گے،حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی، پیٹرولیم ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا وزیراعظم کی یقین دہانی پر لانگ مارچ میں وقفہ دیا، احتجاج سے دستبردار نہیں ہوئے، وزیراعظم آئیں گے تو ان کے ساتھ دو ٹوک بات ہوگی، پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینا ہے تو دیں ورنہ ہم لانگ مارچ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس جگہ کھڑے ہیں وہاں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، ہمارے پرامن احتجاج کو حکومت کمزوری نہ سمجھے، لانگ مارچ مؤخر کیا ہے ختم نہیں کیا، حکومت سے بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی، وزیراعظم کی جانب سے رابطے اور پیشرفت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے، خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں، حکومت خواتین سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے، 9 مئی کے بعد سے قید سیاسی رہنماؤں کو بھی رہا کیا جائے، یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کو مزید قید رکھنے کا جواز نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی قیدیوں میں کئی افراد کی صحت بھی خراب ہے، حکومت مسئلے کو فوری حل کرے، حکومت سیاسی قیدیوں کے معاملے کو ایڈریس کرکے حالات معمول پر لائے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا قوم کو ایسی سیاست میں الجھایا جا رہا ہے جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں، سیاسی کشمکش کے باعث عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، جماعت اسلامی صرف مخصوص سیاسی جماعتوں کے مطالبات تک محدود نہیں ہے، پی ٹی آئی کی اپنی 3 ڈیمانڈز ہیں، جماعت اسلامی تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

 

Back to top button