بلوچستان کو توڑنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا،سرفرازبگٹی

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کاکہناہے کہ بلوچستان کو توڑنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا جبکہ ہتھیار اٹھانے والوں سے مذاکرات نہیں ہوسکتے تاہم سیاسی لوگوں سے مذاکرات کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
نیشنل سکول آف پبلک پالیسی میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 5 ریاست سے غیر مشروط وفاداری کا درس دیتا ہے، پسماندگی کی بنیاد پر ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی بات نہیں کی جاتی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے صوبے کا بنیادی مسئلہ پسماندگی نہیں بلکہ غلط بیانیہ ہے، بلوچستان کی درست تاریخ بیان نہیں کی جاتی، حقائق اور تصور میں فرق سمجھنے کی ضرورت ہے، پسماندگی پاکستان کے ہر صوبے میں موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے نوجوانوں کو سننے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے زمینی حقائق، مقامی حالات اور عوامی ضروریات کو پالیسی سازی میں مدنظر رکھنا ہوگا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے پاکستان سے الحاق کے تاریخی حقائق کو درست تناظر میں دیکھنا ہوگا خان آف قلات نے اپنی کتاب میں بلوچستان کا الحاق رضامندی سے ہونے کا ذکر کیا، بلوچستان کی تاریخ سمجھنے کے لیے اصل ماخذ کا مطالعہ ضروری ہے۔
