خیبرپختونخواکی تبدیلی سرکارنےوزرائے اعلیٰ تبدیل کئےعوامی قسمت نہیں،امیرمقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کاکہناہے کہ تبدیلی سرکار نے صرف وزرائے اعلیٰ ہی تبدیل کیے، عوام کی قسمت نہیں بدلی۔
امیر مقام کا پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے غیرقانونی اقدامات کے باعث گورنر راج کے تمام قانونی تقاضے پورے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نفیس آدمی ہیں، باقی کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے حالات سب کے سامنے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگ کتنی قربانی دے رہے ہیں۔
امیرمقام کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کی عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا، پی ٹی آئی نے 13 سال حکومت کی، خیبر پختونخوا کے عوام نے جس مقصد کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، وہ نظر نہیں آ رہا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعلیٰ کا کوئی تجربہ نہیں ہے، وزیراعلیٰ کو صرف دو ٹارگٹ دیے گئے ہیں، ایک جتنا لوٹ سکتے ہو لوٹو، دوسرا قیدی کی رہائی، صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتیں نہیں دی جا رہیں، سہیل آفریدی کی حکومت کو ابھی تک یہی معلوم نہیں کہ انہوں نے کرنا کیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا صوبے میں سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، امن نہ ہو تو ترقی کی طرف آگے بڑھنا مشکل ہے، امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، قیام امن اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینا ضروری ہے، ہم یہاں رہتے ہیں اور زمینی حقائق کی بنیاد پر بات کرتے ہیں،
