کراچی میں دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے پر غور

عوام کو تفریح مہیا کرنے کے لیے سندھ حکومت دو دریا سے پورٹ قاسم تک فیری سروس شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور یاماہا جاپان کے سینیئر جنرل منیجر برائے وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ یوشیوکی آئی ٹی او نے وفد کے ہمراہ صوبے کے مختلف بیراجوں اور جھیلوں پر واٹر اسپورٹس کی سہولت کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جس میں دو دریا سے بندرگاہ تک فیری سروس شروع کرنا بھی شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یاماہا پاکستان کے تعاون سے کینجھر، گڈو، سکھر، کوٹری بیراجوں اور کراچی کے ساحل پر واٹر اسپورٹس سہولیات کو فروغ دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے، یہ سہولیات نجی شعبے کے ذریعے قائم کی جاسکتی ہیں۔
