اچکزئی نے نئےچیف الیکشن کمشنرکی تقرری کیلئےوزیراعظم کوخط لکھ دیا

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے آئینی عمل کے آغاز کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا۔

محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی، آئینی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ محمود خان اچکزئی نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور ارکان کی تقرری کے لیے وزیراعظم کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔

تحریک تحفظ آئین نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر اور ارکان آئینی مدت مکمل ہونے کے باوجود کام جاری رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کرکے نئے الیکشن کمیشن کی تقرری کا عمل فوری شروع کریں۔

اجلاس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تحریک نے مطالبہ کیا کہ بانی چیئرمین کی ہمشیرگان اور ذاتی معالجین کو فوری ملاقات اور رسائی دی جائے۔

تحریک تحفظ آئین نے بانی چیئرمین کا الشفاء ہسپتال میں اہل خانہ اور ذاتی معالجین کی نگرانی میں مکمل طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

 

اجلاس میں بانی چیئرمین  عمران  خان کی صحت اور رہائی کے معاملے پر پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور مشترکہ جدوجہد کے لیے بہتر رابطہ کاری پر زور دیا گیا۔

Back to top button