اسلام آباد: پولیس ناکے پر فائرنگ سے دو اہلکار جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
فائرنگ کا واقعہ رات 10 بجے کے لگ بھگ تھانہ ترنول سے 300 میٹر دور جی ٹی روڈ پر 26 نمبر چونگی کے قریب پولیس ناکے پر پیش آیا۔ابتدائی طور پر کالعدم جماعت حزب الاحرار نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
تھانہ ترنول کے مطابق واقعے میں پولیس اے ایس آئی محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد احمد ہلاک ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق اے ایس آئی محسن ظفر کی ہلاکت موقع پر ہی واقع ہو گئی تھی تاہم ہیڈ کانسٹیبل کو شدید زخمی حالت میں پمز ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پیش آنے سے چند منٹ قبل پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی تھی اور اس گاڑی سے اسلحہ برآمد ہوا تھا۔تاہم اس واقعہ کی ابتدائی تفتیش کرنے والے ایک پولیس افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ اسلام آباد کے علاقے نصیر آباد میں رات نو بجے کے قریب ایک وردات ہوئی تھی جس کی اطلاع ملنے کے بعد ترنول چوکی پر سکیورٹی کو سخت کیا گیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جبکہ نصیر آباد میں وردات کرنے والے بھی دو موٹر سائیکلوں پر ہی سوار تھے۔ پولیس افسر کے مطابق جب ان موٹر سائیکل سوار افراد کو ناکے پر روکا گیا تو انھوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے 25 گولیوں کے خول ملے ہیں۔
isb
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ملزمان کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button