اقوام متحدہ کا طیارہ افغان مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا

اقوام متحدہ نے اپنے خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان سے مسافروں کی واپسی کا عمل شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا طیارہ مسافروں کو لے کر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچ گیا ہے ۔

سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خصوصی پرواز یو این او 356 ایچ آج دوپہر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے افغانستان گئی تھی۔ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ خصوصی طیارے نے افغانستان کے مزار شریف انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر لینڈ کیا جہاں سے افغان شہریوں اور غیرملکی ملازمین کو لے کر خصوصی پرواز پاکستان کیلئے روانہ ہوئی۔

بیچ 1900 ڈی طیارہ شام 4 بج کر 51 منٹ پر اسلام آباد ائیر پورٹ پر اترا۔طیارے میں کتنے مسافروں نے پاکستان کیلئے سفر کیا؟ یہ معلومات فوری طور پر نہیں مل سکی ہیں۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے طیارے سے پہنچنے والے غیرملکی اور افغان شہری کچھ دن پاکستان میں قیام کریں گے جس کے بعد انہیں ان کی اگلی منزل پر روانہ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تمام مسافروں کو پاکستان پہنچنے پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر مخصوص مدت کے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

Back to top button