امریکی سفارت خانےکی گاڑی کی ٹکرسے 2افراد ہلاک

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی گاڑی اورکارکے تصادم کے نتیجے میں کار میں 2 افراد جاں بحق اور4 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ مارگلہ روڈ پر فیصل چوک کے پاس پیش آیا جس میں 2 افراد دم توڑ گئے.
اس ضمن میں بتایا گیا کہ امریکی سفارت خانے کی گاڑی نے مخالف سمت سےآنے والی کارکوٹکرماری۔ حادثہ مبینہ طورپرٹریفک سگنل توڑنےکےباعث پیش آیا۔ پولیس نےامریکی سفارت خانےکی گاڑی چلانےوالے پاکستانی ڈرائیورامجد زمان کوگرفتارکرلیا اور واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی۔ علاوہ ازیں پولیس نے امریکی سفارت خانےکی گاڑی تحویل میں لی۔ اسلام آباد پولیس کےترجمان نے کہا کہ ‘مشتبہ افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی’۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ امریکی سفارتکار یا اس کی گاڑی سے کوئی حادثہ پیش آیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ 2018 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسارکےعلاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکرسے ایک موٹرسائیکل سوارجاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔
گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکرلگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پرسوار تھے۔ سفارتی استثنی کی وجہ سے پاکستان نے امریکی ملٹری اتاشی کو گرفتار نہیں کیا تھا لیکن دفتر خارجہ میں امریکی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا۔ اپریل میں ہی اسلام آباد میں اس طرح کا ایک اورواقعہ پیش آیا تھا جب امریکی سفارت خانے کے ایک اہلکار کی گاڑی نے تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں موٹرسائیکل سواروں کو ٹکرماری تھی جس کے نتیجےمیں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ تاہم اس سلسلے میں سب سے اہم واقعہ 2011 میں پیش آیا تھا جب لاہور میں امریکی قونصل خانے سے منسلک سیکیورٹی اہلکار ریمنڈ ڈیوس نے فائرنگ کرکے 2 پاکستانی نوجوانوں کو قتل کر دیا تھا جس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی تھی۔ تاہم انہیں حراست میں رکھا گیا تھا بعد ازاں معاملات کو طے کر کے انہیں رہائی دلائی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button