منصوبہ بندی کے تحت آٹے کا بحران پیدا کیا گیا، تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم کو ارسال

ملک میں جاری آٹے کے بحران میں حکومتی نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے، وزیر اعظم کو ارسال کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آٹا بحران منصوبہ بندی کے تحت ہوااور اس میں کئی سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں.
وزیراعظم عمران خان کو ملک میں جاری آٹا بحران سے متعلق رپورٹ بھجوادی گئی ہے. آٹا کی قیمتوں میں اضافے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے آٹے کے بحران کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی.
وزیراعظم عمران خان کو آٹا بحران سے متعلق سیکیورٹی اداروں کی 21 صفحات پرمشتمل رپورٹ بھجوادی گئی ہے جس میں سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بحران جان بوجھ کر اور باقاعدہ منصوبہ بندی سے پیدا کیا گیا اور بحران کے ذمہ دار بیوروکریٹس اور سیاسی شخصیات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو ملک میں جاری آٹا بحران سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹا بحران باقاعدہ ایک منصوبہ بندی کے تحت پیدا کیا گیا جس میں افسران اور بعض سیاسی شخصیات بھی ملوث ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں آٹا بحران پیدا کرنے کے ذمہ دار بیوروکریٹس اور سیاسی شخصیات کی نشاندہی کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ خوراک پر سیاسی دباؤ تھا اور انتظامی نااہلی کی وجہ سے آٹا بحران پیدا ہوا، نومبر 2018 تک 1550 روپے فی من فروخت ہونے والی گندم 1950 روپے تک منصوبہ بندی سے پہنچائی گئی۔ ذرائع کے مطابق 2 ماہ قبل مارکیٹ میں گندم وافر مقدار میں موجود تھی تاہم دسمبر 2019 میں گندم مارکیٹ سے غائب ہونا شروع ہو گئی، گزشتہ ماہ لاہورکی فلار ملز کا کوٹہ 50 سے کم کرکے 45 بوری کیا گیا اور راولپنڈی کی فلار ملز کا کوٹہ 25 سے بڑھا کر 30 کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دسمبرمیں ہی اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی من قیمت 1950 روپے ہوگئی جبکہ سیکرٹری خوراک وقاص علی محمود بھی فلار ملز کے کوٹے بڑھانے سے متعلق فیصلہ کرنے میں ناکام رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چکی مل مالکان کوصاف گندم 2100 روپے فی من ملنے پر چکی مالکان نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کو بھجوائی گئی رپورٹ پر ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کوآٹا بحران پر بھجوائی گئی رپورٹ کا علم نہیں لہٰذا رپورٹ سامنے آنے پر اس کے بارے میں مؤقف دیں گے۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آٹے کے بحران کا ذمہ دار تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر ترین اور وفاقی وزیر خسرو بختیار کو قرار دیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار وزیراعظم عمران خان کے حکم پر آٹے کی قیمتیں کنٹرول کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں گندم کے بحران کے باعث آٹے کی قیمت 70 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران پر قابو پانے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ درآمد شدہ گندم آتے آتے مقامی سطح پر گندم کی فصل تیار ہوجائے گی اور پھر گندم کی زیادتی کی وجہ سے ایک نیا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button