امریکی فضائی حملے میں ایرانی فورس کے کمانڈر جاں بحق

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایئرپورٹ کے نزدیک امریکی فضائی حملے میں ایران کی سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق قاسم سلیمانی ایران کیلئے انتہائی اہم افراد تصور کئیے جاتے تھے ، عراق اور شام میں جاری لڑائی میں اہم کردار ادا کرنے والے قاسم سلیمانی پاسدارانِ انقلاب کی بیرونِ ملک موجود شاخ کی سربراہی کرتے تھے اور ملک میں اور بیرون ملک ایک سلیبریٹی سمجھے تھے۔اس کے علاوہ وہ مشرق وسطیٰ میں ایرانی اثررسوخ کی ترویج میں بھی خاصے فعال تھے جس پر امریکا اور ایرانی کے علاقائی حریف سعودی عرب اور اسرائیل نظر رکھنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
قاسم سلیمانی گزشتہ 2 دہائیوں میں مغرب، اسرائیل اور عرب ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں سے بچنے میں کامیاب رہے تھے۔ان کی قدس فورس کے پاس ایران کی سرحد سے باہر آپریشنز کرنے کی ذمہ داری تھی جس نے 2011 سے شام میں جاری خانہ جنگی میں صدر بشرالاسد کی اس وقت حمایت کی جب وہ ناکامی کے قریب تھے اور عراق میں داعش کو شکست دینے کے لیے بھی ملیشیاز کی مدد کی تھی۔
قاسم سلیمانی 1998 میں القدس فورس کے سربراہ بنے تھے اور اس پوزیشن پر کئی برس غیر معروف انداز میں کام کرتے رہے اس دوران ایران کے تعلقات لبنان میں حزب اللہ، شام کے صدر بشرالاسد کی حکومت او عراقی ملیشیاز کے ساتھ مضبوط ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی حملے قاسم سلیمانی کی ہلاکت طویل عرصے سے امریکہ کے ساتھ تنازع میں گھرے ایران کے لیے بڑا دھچکا ہے جس میں گزشتہ ہفتے ایران کی حمایت یافتہ عراقی میلیشیا پر امریکی فضائی حملے کے جواب میں امریکی سفارتخانے پر ملیشیا اہلکاروں کے حملے کے بعد یک دم اضافہ ہوگیا تھا۔
دوسری طرف پینٹاگون سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ قاسم سلیمانی عراق اور مشرق وسطیٰ میں امریکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے منصوبہ سازی میں متحرک تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے کا مقصد مستقبل میں ایرانی حملوں کی منصوبہ بندی کو روکنا تھا، اور امریکا اپنے شہریوں اور دنیا بھر میں اپنے مفادات کی حفاظت کے لیے ناگزیر اقدامات کرتا رہے گاـ
اس حوالے سے ایک عہدیدار نے شناخت خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ قاسم سلیمان بغداد میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں مارے گئے۔ایک اور امریکی عہدیدار کے مطابق خیال کیا جارہا ہے کہ عراقی ملیشیا کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی حملے میں ہلاک ہوئے تاہم وہ بنیادی ہدف نہیں تھے۔
دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے قاسم سلیمانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاز کے گروہی اتحاد، عراق کی پاپولر موبلائزیشن فورسز (پی ایم ایف) کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی دشمن مجاہدین ابو مہدی المہندس اور قاسم سلیمانی کو مارنے کے ذمہ دار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button