آنجہانی اداکار عرفان خان کی آخری فلم تیسری برسی پر ریلیز کا اعلان

کینسر کے موذی مرض سے دنیا سے کوچ کرنے والے آنجہانی بھارتی اداکار عرفان خان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کو اداکار کی تیسری برسی کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
عرفان خان 53 برس کی عمر 29 اپریل 2020 کو کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ دنیا فانی سے کوچ کرنے سے قبل زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے اپنی مقبول فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل ’انگلش میڈیم‘ اور ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کی شوٹنگ کروائی تھی۔
’انگلش میڈیم‘ کو تو عرفان خان کی زندگی میں ہی ریلیز کر دیا گیا تھا، تاہم ایرانی اداکارہ گولشفتھ فرحانی کے ساتھ ان کی آخری فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کو ریلیز نہیں کیا گیا تھا، ان کی فلم کو اگرچہ متعدد فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم اب اداکار کی تیسری برسی پر اسے نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔
فلم کی پروڈکشن کمپنی ’پینوراما اسٹوڈیوز‘ نے اپنی ٹوئٹ میں ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے فلم کو 28 اپریل کو ریلیز کرنے کی تصدیق کی، جاری کیے گئے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی بھارتی دیہی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں عرفان خان اور گولشفتھ فرحانی کو جوڑی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ بھارت کے صحرائی علاقے میں کی گئی ہے اور اس میں راجستھانی اور گجراتی دیہاتی زندگی اور ثقافت کو دکھایا گیا ہے۔ فلم کی ہدایات انوپ سنگھ نے دی ہیں اور اس میں دیگر اداکاروں نے بھی شاندار کردار ادا کیے ہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ عرفان خان کی تیسری برسی کے موقع پر فلم کو ریلیز کیے جانے کی وجہ سے یہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی اور ریکارڈ کمائی کرے گی۔
واضح رہے کہ آنجہانی اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے جلد ہی اداکاری کے شعبے میں آنے کا عندیہ دیتے ہوئے اپنی نئی کتاب کی رونمائی بھی کر دی ہے، بابِل خان نے حال ہی میں اپنے چاہنے والوں کو اداکاری سے متعلق ایک کتاب کی پیشکش کی ہے جس پر مرحوم اداکار کے دستخط بھی ہیں۔
بابل خان نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کتاب ‘ایکٹرز آن ایکٹنگ’ کے سرورق کی تصویر شیئر کی جس پر مرحوم اداکار عرفان خان کے دستخط تھے اور انہوں نے اس تصویر کی کیپشن میں مداحوں کو اس کتاب کی پیشکش کی۔

Back to top button