اپنی زندگی خود کو ختم کرنے والے بالی ووڈ اسٹارز کی کہانی

https://www.youtube.com/watch?v=KiOxTk0XbPM&t=2s

بالی ووڈ میں ہر زمانے میں اسٹارز ابھر کر سامنے آتے رہے ہیں اور بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنا پرستار بناتے رہے ہیں، مگر ان میں کچھ ایسے بھی تھے جنہیں ذاتی زندگی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے حالات کا مقابلہ کرنے کے بجائے موت کو گلے لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے خودکشی کرلی، آج ہم آپ کو کچھ ایسے ہی بھارتی فلم نگری کے اسٹارز کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ خود اپنے ہاتھوں سے کیا۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم پی کے میں سرفراز کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون 2020 کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں پنکھے سے لٹک خودکشی کر لی۔ ابھی تک انکی خودکشی کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع سوشانت سنگھ راجپوت کے ملازموں نے دی تھی۔ وہ ایک پوش فلیٹ میں اپنے دو خانساماؤں اور ایک مالی کے ساتھ تنہا رہتے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی خودکشی سے چار روز پہلے ان کی خاتون فلمی مینیجر نے بھی خودکشی کرلی تھی۔ سوشانت کچھ عرصے سے ڈپریشن کی ادویات لے رہے تھے۔

بہار کے شہر پٹنہ میں پیدا ہونے والے سوشانت کا فلمی کیریئر اچھا چل رہا تھا۔ اپنے کیریئر میں انہوں نے ایم ایس دھونی جیسی کامیاب فلمیں دیں۔ اس فلم میں دھونی کی پہلی محبت نے بھی خود کشی کر لی تھی۔ فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے سوشانت تھیٹر اور ٹی وی میں ایک مقبول چہرے کے طور پر جانے جاتے تھے۔ سوشانت سے پہلے بھی بہت سے معروف فلمی ستاروں نے اپنی زندگی وقت سے پہلے ختم کرتے ہوئے خود اپنے ہاتھوں سے اپنی جان لی ہے۔
ان میں سے ایک ماضی کے اداکار گرودت بھی ہیں جنکو کو 1950 اور 60 کی دہائی میں انڈین فلم انڈسٹری کی بڑی شخصیت سمجھا جاتا تھا۔اکتوبر 1964 میں وہ ممبئی کے پیڈر روڈ نامی علاقے میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ کثرتِ شراب نوشی اور نیند کی گولیاں ان کی موت کی وجہ بنی تھیں۔

من موہن دیسائی ہندی فلم کے کامیاب فلم سازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے متعدد کمرشل ہٹ فلمیں بنائیں۔ باکس آفس پر ان کی کچھ کامیاب فلموں میں ’امر اکبر انتھونی‘، ’قلی‘ اور ’مرد‘ وغیرہ شامل ہیں۔ من موہن دیسائی کو مصالحہ فلموں کا بادشاہ کہا جاتا تھا لیکن بعد میں ان کی فلمیں ناکام ہونے لگيں۔ مارچ سنہ 1994 میں انہوں نے گڑ گاؤں میں واقع اپنے فلیٹ کی بالکونی سے چھلانگ لگا دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ دیویہ بھارتی کی موت انتہائی پراسرار حالات میں ہوئی تھی۔ان کے شوہر ساجد ناڈیاڈ والا کے مطابق دیویہ نے پانچویں منزل پر واقع اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگائی۔ یہ واقعہ پانچ اپریل 1993 کو پیش آیا۔ اس وقت دیویہ بھارتی کی عمر صرف 19 سال تھی اور انہوں نے 14 فلموں میں کام کیا تھا۔

جیا خان کی بالی ووڈ میں انٹری بہت شاندار تھی۔ انہوں نے ابتدا میں امیتابھ بچن اور عامر خان جیسے ستاروں کے ساتھ کام کیا۔ لیکن اس کے باوجود ان کا کیریئر اتنا اچھا نہیں تھا۔ 2013 میں ان کی لاش بھی پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ اداکار آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی پر جیا کو خود کشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا گیاتھا۔ سورج پر ابھی تک یہ کیس عدالت میں چل رہا ہے۔

نفیسہ جوزف ایم ٹی وی کی مشہور وی جے تھیں۔ انہوں نے ماڈلنگ بھی کی اور سنہ 1997 میں فیمینا مس انڈیا کا خطاب جیتا تھا، وہ مس یونیورس کی فائنلسٹ بھی تھیں۔ 2004 میں ورسووا میں ان کے فلیٹ میں ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ملی تھی۔

کلجیت رندھاوا نفیسہ جوزف کی قریبی دوست تھیں۔ نفیسہ کی موت سے وہ شدید طور پر ٹوٹ گئیں۔ فروری 2006 میں سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا۔ انہوں نے فلم ’بائی چانس‘ کی شوٹنگ مکمل کی اور سٹار ون کے سیریل ’اسپیشل اسکواڈ‘ میں بھی انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا لیکن ان کی لاش بھی پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ خودکشی سے قبل لکھی گئی اپنی آخری تحریر میں انہوں نے لکھا کہ وہ زندگی کے دباؤ کا مقابلہ نہیں کر سکتی ہیں۔

انڈین ٹی وی انڈسٹری کا ایک ممتاز چہرہ پرتیوشا بینرجی نے بھی خودکشی کی تھی۔ 2016 میں ان کی لاش ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔ وہ ایک لمبے عرصے سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔ وہ ٹی وی سیریل ’بالیکا ودھو‘ کے ساتھ شہ سرخيوں میں آئیں۔ وہ رئیلٹی شو بگ باس کا بھی حصہ تھیں۔

27 دسمبر 2019 میں ٹی وی اداکار کوشل پنجابی نے ممبئی کے پالی ہل میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی۔ پولیس نے ان کی خودکشی کی تصدیق کی تھی۔ پولیس کے مطابق ان کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ وہ ’سی آئی ڈی‘، ‘لو میرج’ ‘دیکھو مگر پیار سے’، ‘فیئر فیکٹر’ جیسے مقبول ٹی وی شوز میں بھی نظر آئیں۔ کوشل پیشہ ور ڈانسر بھی تھیں اور انہوں نے رئیلٹی ٹی وی ڈانس شو جھلک دکھلا جا کے ساتویں سیزن میں حصہ لیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button