ایران کا اردن اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے،ایران نے اردن اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی فوج کے مطابق اردن کی الازرق ایئر بیس میں امریکی فوج کے مواصلاتی نظام اور ایک مستقل ریڈار سائٹ کو ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کا کہنا ہےکہ یہ کارروائی ایران پر حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی،جن میں بمپور بیرکس پر حملہ بھی شامل ہے، جس میں 7 فوجی جاں بحق ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع علی السالم ایئر بیس پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مشترکہ حملہ کیا۔حملے میں (C-RAM) ابتدائی وارننگ ریڈار اور امریکی فوجیوں کے اجتماع کے مقام کو نشانہ بنایا گیا۔
صدر ٹرمپ نے ایران میں زمینی فوج بھیجنے پر غور شروع کردیا، امریکی اخبار کا دعویٰ
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آپریشن "نصر 2” کی آٹھویں لہر کے دوران کی گئی۔
پاسداران انقلاب نے امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ کویتی سرزمین کو ایران کے خلاف حملوں کےلیے استعمال کررہا ہے اور کویتی عوام سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنے ملک سے امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کریں۔
