ایم کیو ایم کی نومنتخب سینیٹر عدت میں، ووٹ کےلیے فتویٰ مانگ لیا

سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب کےلیے ایک ایک ووٹ اہمیت اختیار کرگیا۔
سینیٹ میں چیئرمین کے عہدے کےلیے حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی جب کہ اپوزیشن کی جانب سے یوسف رضا گیلانی امیدوار ہیں۔ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اہم مقابلہ ہے جس میں ایک ایک ووٹ قیمتی ہوگیا ہے۔ سندھ سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کی نومنتخب سینیٹر خالدہ اطیب عدت میں ہیں اور ان کے حلف اور ووٹ کے استعمال کےلیے مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم سربراہ خالد مقبول صدیقی کی ہدایت پر کشور زہرہ نے خالدہ اطیب سے رابطہ کیا اور ان حالات میں عدت ختم کرنے کےلیے فتویٰ لینے کا مشورہ دیا۔
نومنتخب سینیٹر خالدہ اطیب کا کہنا ہے کہ جامعہ بنوریہ اور دارالعلوم کورنگی سے فتویٰ مانگا ہے اور فتویٰ کی روشنی میں اپنا فیصلہ کروں گی۔
خیال رہے کہ خالدہ اطیب سندھ سے خواتین کی مخصوص نشست پر سینیٹر منتخب ہوئیں۔
