ایٹمی پروگرام پر بے بنیاد بیانات سے گریز کیا جائے

پاک فوج کی جانب سے قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصروں کو بند کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے، اس سلسلے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے ، پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔
جنرل ندیم رضا نے زور دیا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔
