امریکا نے حوثیوں کے خلاف کارروائی کی سعودی درخواست مسترد کردی : امریکی میڈیا

 

 

 

بحیرہ احمر میں حوثیوں سے بڑھتے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب کی جانب سے امریکا سے کارروائی کی درخواست کی گئی،تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حوثیوں کےخلاف براہِ راست فوجی کارروائی سے انکار کردیا۔

امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے دعویٰ کیا ہےکہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے گزشتہ روز بحیرہ احمر میں حوثیوں سے لاحق خطرے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

رپورٹ کےمطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر پر زور دیا کہ وہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کریں تاہم صدر ٹرمپ نے حوثیوں کے خلاف کارروائی سے انکار کردیا۔

نیوز ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو ایران اور آبنائے ہرمز پر توجہ مرکوز رکھنےکی ہدایت کی ہے،ٹرمپ یمن کی صورت میں ایک اور محاذ کھولنے سے گریزاں ہیں۔

رپورٹ کےمطابق امریکا سعودی عرب کو حوثیوں کےخلاف انٹیلی جنس اور اہداف سے متعلق معلومات فراہم کرےگا،امریکا بحیرہ احمر میں آزادانہ آمدورفت کے تحفظ پر توجہ دےگا،حوثیوں سے نمٹنے کےلیے علاقائی اتحادیوں کو آگے رکھا جائے گا۔

ویب سائٹ کے مطابق امریکی عسکری اور سول حکام نے حالیہ ہفتوں میں سعودی حکام سے رابطہ کیا جب کہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر ہنگامی رابطہ اجلاسوں کےلیےگزشتہ روز سعودی عرب گئے۔

یمن: حوثیوں کا باب المندب پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے اور وائٹ ہاؤس نے اس حوالےسے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

 

Back to top button