یمن: حوثیوں کا باب المندب پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ

یمن میں حوثی ملیشیا کی عسکری پیش قدمی کے حوالے سے اہم دعویٰ سامنے آیا ہے،انصار اللہ کے سینیئر اہلکار محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہےکہ حوثیوں نے باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے مغربی صوبے تعز میں اہم علاقوں اور فوجی اڈوں الخالد اور جبل النصر پر قبضہ کرلیا ہے، جب کہ وہ بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع المخا بندرگاہ کے داخلی حصوں تک بھی پہنچ گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کےمطابق حوثیوں کی جانب سے المخا ائیرپورٹ پر قبضہ کرلیا گیا ہے جب کہ مزاحمت کرنے والوں نے بڑی تعداد میں ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
خام تیل کی قیمت 105 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی
یاد رہے کہ باب المندب عالمی سطح پر جہازوں سے تیل،گیس اور غذائی اجناس کی منتقلی کےلیے اہم گزرگاہ ہے، یہاں سے بحیرہ احمر میں جہازوں کی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے اور فوجی لحاظ سے بھی اس کی اپنی اہمیت ہے۔
یمن صدارتی لیڈر شپ کونسل کے صدر رشاد علیمی نے کہا ہےکہ باب المندب کے قریب عسکری صورت حال میں تبدیلی کے اثرات سوئز کینال تک جاسکتے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیاکہ باب المندب کے اطراف موجودہ عسکری صورت حال عالمی تجارت پر اثرانداز ہوسکتی ہے،انہوں نے یمن کی ساحلی علاقوں کے تحفظ کو یمن سمیت عرب اور بین الاقوامی ذمہ داری قراردیا۔
