بالآخر بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے عمرہ ادا کر لیا

اپنے مشہور فلمی ڈائیلاگ ‘آئی ایم خان، اینڈ آئی ایم ناٹ اے ٹیررسٹ’ کی وجہ سے شہرت پانے والے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان  نے بالآخر سعودی عرب میں عمرہ ادا کر لیا یے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ خان گو کہ اپنے اہلخانہ کے ساتھ ہندو رسم و رواج کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں، تاہم انہیں مکہ مکرمہ کی سرزمین پر احرام میں دیکھ کر ان کے مداح حیران رہ گئے۔ یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں جبکہ وہ خود مسلمان ہیں اور ان کی اولاد دونوں مذاہب کو فالو کرتی ہے۔

شاہ رخ خان نے حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کی ہے، اور اس موقع پر ان کی احرام پہنے ہوئے تصویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں، شاہ خان نے احرام باندھنے کے ساتھ منہ پر ماسک بھی لگا رکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ مسجد حرام میں احرام کی حالت میں موجود ہیں، شاہ رخ خان کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ فنکار کو احرام کی حالت میں دیکھ محبت اور پیار کا اظہار کیا ہے۔ بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رُخ خان اپنی فلم ’ڈنکی‘ کی شوٹنگ کے لیے اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں، شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد انہوں نے عمرے کی ادائیگی کی، اپنے ویڈیو پیغام میں شاہ رخ خان نے کہا تھا کہ سعودی عرب میں فلم کی شوٹنگ کا شیڈول مکمل کرنے سے زیادہ اطمینان بخش کوئی چیز نہیں ہے۔

کنگ خان نے فلم کی شوٹنگ کو شاندار تجربہ قرار دیتے ہوئے سعودی وزارت حکومت اور وزارت ثقافت کا شکریہ ادا کیا تھا، شاہ رخ خان کی نئی فلم ’ڈنکی‘ آئندہ سال 2023 میں سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم ڈنکی کے علاوہ انہوں نے ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ میں بھی اپنے جوہر دکھائے ہیں جو آئندہ سال 25 جنوری 2023 کو ریلیز ہوگی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بالی وڈ کے معروف اداکار اور مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے بھی سال 2012 میں حج کی سعادت حاصل کی تھی، عامر خان اپنی والدہ کے ہمراہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے، اُس وقت عامر خان نے پاکستان کے معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل سے ملاقات کی تھی، جہاں انہوں نے جنید جمشید اور شاہد آفریدی سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس دوران مولانا طارق جمیل نے عامر خان کو اپنے تبلیغی مشن کے لئے گھیرنے کی کوشش کی تھی لیکن ناکام رہے۔

Back to top button