خفیہ سائٹ 99 سے نیوکلیئر مواد ہٹانے پر امریکا، اسرائیل اور شام میں اتفاق

امریکی اور اسرائیلی حکام کے شام سے مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد شام میں خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد جلد ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
امریکی نیوز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ، شام اور اسرائیل کے درمیان اتفاقِ رائے ہوگیا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) شام کے خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد اپنے قبضے میں لے گی۔
شام کے خفیہ مقام ’’سائٹ 99‘‘ پر موجود نیوکلیئر مواد اسرائیل اور امریکا کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
بشارالاسد حکومت نے خفیہ نیوکلیئر پروگرام کے تحت الکِبار ری ایکٹر قائم کیا تھا۔ بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد آئی اے ای اے کو شام کے نیوکلیئر مقامات تک رسائی حاصل ہوئی۔
اسرائیل نے 2007 میں شام کے خفیہ الکِبار جوہری ری ایکٹر پر بمباری کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق شام میں خفیہ نیوکلیئر مواد کے معاملے پر اسرائیل، امریکا اور شام کے درمیان کئی ماہ تک خفیہ سفارتی رابطے جاری رہے۔
امریکی حکام کے مطابق اسرائیل نے شام سے نیوکلیئر مواد نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سائٹ 99 پر دوبارہ حملے کی دھمکی دی تھی۔ اسرائیل کو سائٹ 99 پر موجود نیوکلیئر مواد کے حوالے سے شدید تحفظات تھے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اسرائیل سے سائٹ 99 کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کی درخواست کی، جبکہ اسرائیلی دھمکی کے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کو معاملے میں شامل کیا گیا۔
امریکی فوج نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں صاف کر دیں: ٹرمپ
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام کو خدشہ تھا کہ ترکیہ بھی شام کو سائٹ 99 سے نیوکلیئر مواد حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ شام کی موجودہ حکومت نے نیوکلیئر مواد تک رسائی کے لیے بھرپور تعاون کیا۔
