براعظم افریقہ میں انوکھا درخت،کاٹنے پرخون نکلنے لگا

جنوبی براعظم افریقا میں ایک ایسا انوکھا درخت پایا جاتا ہے جسے جب کاٹا جاتا ہے تو اس میں سے خون نما سیال رسنے لگ جاتا ہے۔کاٹے جانے پر اپنا ’لہو‘  بہانے والا یہ درخت مقامی سطح پر’بلڈ وڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے جو ساگوان کی نسل سے تعلق رکھتا ہے۔ حیاتیاتی زبان میں اسے Pterocarpus angolensis کہا جاتا ہے۔

براعظم افریقا کے استوائی حصے میں رہنے والے لوگ اس عجیب و غریب درخت سے بخوبی واقف ہیں اور اس  کی لکڑی سے اعلیٰ معیار کا فرنیچر اور آلات موسیقی تیار کرتے ہیں۔

افریقی ساگوان کا یہ درخت کئی منفرد خصوصیات کا حامل ہے۔ اس میں دیمک کے خلاف قدرتی طور پر مزاحمت پائی جاتی ہے اور اس کی لکڑی میں سے خوشگوار مہک آتی ہے۔

بلڈ وڈ کی سب سے اہم خوبی  یہ ہے کہ اس پر آگ کا اثر نہیں ہوتا۔ اسی لیے افریقی ممالک میں اسے ان تعمیرات کے گرد بھی کاشت کیا جاتا ہے جنہیں آگ سے محفوظ رکھنا مقصود ہوتا ہے۔

بلڈ وڈ کی ان خصوصیات سے مقامی باشندے بخوبی واقف ہیں مگر افریقا سے باہر یہ درخت خون سے مشابہ سیال کے لیے جانا جاتا  ہے جو کاٹے جانے پر اس کی چھال سے رسنے لگتا ہے۔

Back to top button