بھٹو خاندان میں بالآخر خوشیوں کے شادیانے بج گئے

بھٹو خاندان میں کئی دہائیوں بعد ایک شادی کی تقریب منعقد ہونے جا رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب کی تیاریاں شروع کردی گئیں جو کہ 27 نومبر 2020 کو کراچی میں منعقد ہو گی۔معلوم ہوا ہے کہ بختاور بھٹو کا نکاح دو ماہ بعد 29 جنوری 2021 کو ہوگا جبکہ شادی کی تقریب 30 جنوری کو کراچی منعقد ہو گی۔
آصف علی زرداری نے اپنی بیٹی کی منگنی طے ہوجانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بختاور کی منگنی کی تقریب رواں ماہ 27 نومبر کو بلاول ہاؤس کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ سابق صدر نے بیٹی کے رشتہ طے ہوجانے پر شکرانے ادا کرتے ہوئے مختصر پیغام میں بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی منگنی محمود چوہدری سے طے ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ دولہا کا خاندان امریکہ میں مقیم ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محمود چوہدری امریکہ میں مقیم ایک کامیاب صنعتکاراوررئیل اسٹیٹ ٹائیکون یونس چوہدری کے صاحبزادے ہیں۔
بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تصدیق ہوجانے کے بعد بلاول ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں بعد بھٹو زرداری خاندان میں اہم تقریب ہونے جا رہی ہے، اس لیے تمام انتظامات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب منعقد کیے جانے کا دعوت نامہ بھی سامنا آ چکا ہے، جس میں تقریب کی تاریخ 27 نومبر بروز جمعہ شام 4 بجے درج ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب میں کون کون سی شخصیات شامل ہوں گی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں خاندانوں کے افراد سمیت اہم سیاسی شخصیات بھی تقریب میں شامل ہوں گی۔ کرونا کی وبا کے باعث منگنی کی تقریب میں محدود تعداد میں مہمانوں کو بلایا جائے گا اور سماجی فاصلوں کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا۔
بلاول ہاؤس ذرائع کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور ان ہی افراد کو تقریب میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی جن کا ٹیسٹ منفی آیا ہوگا۔
خیال رہے کہ بختاور بھٹو زرداری آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی ہیں، تاہم وہ بلاول بھٹو سے کم عمر ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے ہاں پہلے بچے بلاول بھٹو زرداری کی پیدائش 1988 میں ہوئی تھی، جب کہ بختاور بھٹو کی پیدائش جنوری 1990 میں ہوئی تھی۔
بختاور بھٹو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز خاتون کے ہاں پیدا ہوئی تھیں، ان کی پیدائش پر اس وقت بینظیر بھٹو نے وزارت عظمیٰ سے چھٹیاں لی تھیں۔ آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کے ہاں تیسرے بچے آصفہ بھٹو زرداری کی پیدائش فروری 1993 میں ہوئی تھی۔ تاہم یہ یہ بھٹو خاندان میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 1987 میں ککری گراؤنڈ کراچی میں آصف زرداری کے ساتھ ہونے والی شادی کے بعد پہلی خوشی کی تقریب ہو گی۔
