بیان حلفی کیس ، جج رانا شمیم اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش
گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم بیان حلفی سے متعلق کیس کی سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوگئے اور بیان حلفی بھی پڑھ کر سنایا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا صحافی انصار عباسی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا آپ کو بہت پہلے سے جانتا ہوں، آپ کی ساکھ ہے لیکن اس معاملے کو بین الاقوامی قوانین کے تناظر میں دیکھیں گے۔
کیس کی سماعت کے دوران انصار عباسی کا کہنا تھا کہ اس عدالت کے لیے کافی احترام ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں اور آپ اہم نہیں، یہاں کے عوام اور سائلین زیادہ اہم ہیں، اس کیس میں عوام سے عدالت کا اعتماد اٹھانے کی کوشش کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا رانا شمیم اپنے جواب میں کہتے ہیں کہ بیان حلفی نوٹری پبلک سے لیک ہوا ہوگا، یہ اس اسلام آباد ہائیکورٹ کی بات ہے جہاں بہت سے حساس کیسز زیر سماعت ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ توہین عدالت کے نوٹس ملنے والے اپنے بیان حلفی جمع کرا دیں، رانا شمیم کا اصل بیان حلفی بھی آ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ:شہباز شریف ، حمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد
عدالت نے اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
