تحریک لبیک پر پابندی ختم ، نوٹیفیکیشن جاری

وزارت داخلہ نے تحریک لبیک پاکستان پر عائد پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیاہے، اب ٹی ایل پی کے ساتھ لفظ کالعدم نہیں لکھا جائے گا جب کہ وہ اپنی سرگرمیاں بھی جاری رکھ سکے گی۔
وفاقی کابینہ نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹی ایل پی کو کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے آئین پاکستان اور پاکستانی قوانین کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی جبکہ پنجاب کابینہ نے تحریک لبیک پر سے پابندی ہٹانے کی سفارش کی تھی۔
وزارت داخلہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کی ذیلی شق ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو مذکورہ ایکٹ کے فرسٹ شیڈول سے بطور کالعدم جماعت نکال دیا ہے۔اس سے قبل کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ‘کابینہ نے 6 نومبر 2021 کو داخلہ ڈویژن سے جمع کرائی گئی سمری کا جائزہ لیا جو رولز آف بزنس کے رول 17 ون بی اور 19 ون کے تحت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے پابندی ہٹانے کے لیے بھیجی گئی تھی’۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ‘کابینہ نے سمری کے پیراگراف نمبر 8 پر دی گئی تجویز کی منظوری دے دی ہے’۔رولز آف بزنس 1973 کے مطابق وزیراعظم سے منظوری کا مطلب ہوگا کہ سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی جائے گی، پھر وزرا کی تجاویز واپس وزیراعظم کو بھیج دی جائیں گی تاکہ اس معاملے پر مزید فیصلے کیے جائیں، اگر کسی وزیر کا مؤقف مخصوص وقت تک نہیں آئے تو اس کا مطلب یہ لیا جاتا ہے کہ انہوں نے سمری میں دی گئی تجاویز کی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب حکومت نے تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کی سفارشات تیار کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کی تھیں، وزارت داخلہ نے یہ سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی جسے کابینہ نے منظور کرلیا تھا، اب وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی سے پابندی ختم ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
پابندی کا یہ خاتمہ حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے باعث ہوسکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے معاہدے کے تمام نکات پر عمل درآمد کرلیا ہے، کالعدم تنظیم کے 577 کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے ہیں اور تحریک لبیک کے 2100 سے زائد گرفتار کارکنوں کو رہا کردیا ہے جب کہ پنجاب حکومت ٹی ایل پی کے کارکنوں پر قائم مقدمات کے حوالے سے عدالتوں میں نرم رویہ اختیار کرے گی۔دریں اثنا ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک لبیک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ احتجاج رویہ تبدیل کرے گی اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں شروع کرے گی۔
واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو پنجاب حکومت کی درخواست پر 15 اپریل کو کالعدم جماعتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

Back to top button