ترین گروپ اور حکومت میں برف پگھل گئی ہے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ میں برف پگھل گئی ہے اور ترین گروپ بجٹ میں حکومت کے حق میں ووٹ دے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہفتے سات دن میں بجٹ پاس ہو جائے گا اور پھر سیاست ایک سال تک آگے چلی جائے گی۔ ’آج وزیراعلیٰ سے وہ لوگ (ترین گروپ کے ارکان) مل رہے ہیں وزیراعظم سے وہ مل چکے ہیں اور میرے خیال میں برف پگھل گئی ہے۔‘ اس سوال پر کہ کیا راولپنڈی کے مشہور سیاستدان چوہدری نثار علی خان پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھا کر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی کرسی کو خطرے میں ڈال دیں گے؟ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ مجھے عثمان بزدار کے لیے کوئی خطرہ نہیں دکھائی دیتا۔ مجھے وہ عمران خان کی طرح پانچ سال پورے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا چوہدری نثار علی خان کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ میری چوہدری نثار سے پانچ سال سے بات نہیں ہوئی لیکن اچھا ہے کہ وہ تین سال بعد پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف لینے کا سوچ رہے ہیں۔ اس سوال پر کہ کیا راولپنڈی اور اسلام آباد یعنی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت میں کوئی تناؤ ہے؟ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایسی باتوں کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد ایک صفحے پر ہیں۔ اب کوئی خبر نہیں ہوتی تو لوگ یہ خبر چلا دیتے ہیں کہ آپس میں ایک پیج پر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ دورہ سعودی عرب میں ملک کے لیے حساس اجلاسوں میں دونوں شخصیات ایک ساتھ سعودی قیادت سے ملی ہیں۔‘ وفاقی وزیر داخلہ کا وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’چھ وفاقی وزرا کی آرمی چیف سے ملاقات کئی ماہ پہلے کی بات ہے اور اس میں وزیراعظم کے لیے کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔ سوموار کو پھر وزیراعظم کی ایک اہم ملاقات ہے۔‘ راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کے حوالے سے ایک سوال پر راولپنڈی سے منتخب شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ رنگ روڈ کوئی اتنا بڑا اسکینڈل نہیں جتنا یہ بن گیا ہے یا بنا دیا گیا ہے۔ جب موٹر وے بن رہی تھا اس وقت بھی شور تھا کہ 100 کلومیٹر زیادہ بن گئی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’اس کی تحقیقات ہونی چاہییں۔‘ وفاقی وزیر چوہدری غلام سرور اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا نام لیے بغیر ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھیں نا علاقے کے دو بڑے لوگ ہیں تو اردگرد کی زمینیں انہی کی ہوں گی۔شیخ رشید نے کہا کہ اس پر ان کا مزید کچھ کہنا مناسب نہیں کیونکہ بطور وزیر داخلہ ایف آئی اے ان کے ماتحت ہے جو تحقیقات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب ، پنجاب اینٹی کرپشن اور ایف آٗی اے سمیت تین محکمے ایک ساتھ تحقیقات کر رہے ہیں جس کا مطلب ہے جلدی تحقیقات ہو جائیں گئی۔ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے حوالے سے وزارت داخلہ کی کمیٹی کابینہ کی منظوری کے بعد 25 کو نوٹیفائی ہو جائے گی۔اس کے بعد پھر ایک ماہ کا وقت ہوتا ہے جس میں امید ہے کہ کالعدم جماعت کی قیادت بھی پیش ہو کر اپنا موقف بتائے گی۔ اس کے بعد کمیٹی کا فیصلہ جو بھی ہو گا اس کی منظوری بھی وفاقی کابینہ ہی دے گی۔

Back to top button