پاکستان کا800 کلومیٹر سے زائد رینج والے فتح 4 کے توسیعی ورژن کا تجربہ

پاکستان نے 800 کلومیٹر سے زائد رینج رکھنے والے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کرلیا، میزائل جدید ایویونکس اور جدید ترین رہنمائی نظام سے لیس ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4 گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، فتح 4 کروز میزائل کا توسیعی ورژن جدید ایوانکس اور شاندار نیوی گیشنل معاونت سے لیس ہے۔ یہ ویپن سسٹم وسیع رینج پر اہداف کو انتہائی درستی کے ساتھ نشانہ لگانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تجربے کے دوران بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت بڑھانے کے لیے میزائل کے مختلف ذیلی نظام میں شامل اضافی تکنیکی پیمانوں کی بھی توثیق کی گئی۔
میزائل لانچنگ کا مشاہدہ پاک فوج کے سینیئر افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنسدانوں اور انجینیئرز نے کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح 4 کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجرباتی فائرنگ ٹیسٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے اس سنگ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی فنی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔
