سنگین تحفظات کے باوجودمذاکرات کے لیے تیار ہیں،اسد قیصر

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر کاکہناہے کہ سنگین تحفظات کے باوجود حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی خاطر سیاسی قوتوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہوگا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نےویڈیو بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک کی ترقی کے خلاف قرار دینا نامناسب ہے۔ پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف نہیں ہے، ہمارا ایک نکاتی ایجنڈا ہے، پاکستان جیتے اور پاکستان ترقی کرے۔

انہوں نے کہا کہ  خیبرپختونخوا کے عوام کے امن کے مطالبےکو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، آل پارٹیز کانفرنس بلا رہے ہیں، پہلا ایجنڈا امن و امان اور بنیادی انسانی حقوق ہونا چاہیے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سیاسی قیدیوں کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ضروری ہے، ہمارا مینڈیٹ چھینا گیا اور بنیادی آئینی حقوق سلب کیےگئے،کیا ہر شہری کو اپنا لیڈر منتخب کرنےکا آئینی حق حاصل نہیں؟

سابق سپیکر نے کہا کہ نواز شریف نے خود ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا، پی ٹی آئی کے بنیادی آئینی و انسانی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، بہنوں اور خاندان کو سیاسی مقدمات کا سامنا ہے، 2 ہزار سے زائد پی ٹی آئی کارکنان جیلوں میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پولیس میں ٹرانسفر پوسٹنگز صوبائی حکومت سے مشاورت کے بغیر کیوں ہو رہی ہیں؟ صوبے کے چیف ایگزیکٹو کے آئینی اختیار کا احترام کیا جائے، پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں پولیس قوانین میں فرق کیوں ہے؟ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Back to top button