توہین مذہب کے الزام پر چینی ملازم کو گرفتار کر لیا گیا

داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر کام کرنے والے چینی شہری پر مزدوروں کی جانب سے توہین مذہب کے الزامات عائد کیے جانے پر اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

کومالیہ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نصیر الدین نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی ہے۔

ہیوی گاڑی کے ڈرائیوروں گلستان اور یاسر کی شکایت پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 295 سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کی کاپی ڈان ڈاٹ کام کے پاس دستیاب ہے۔

کومالیہ پولیس اسٹیش میں درج شکایت میں کہا گیا کہ اتوار کی رات پولیس افسر جہانزیب کو اطلاع ملی کہ ایک ہجوم بارسین کے قریب چینی کیمپ میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ مقامی افراد نے مظاہرہ کیا اور کیمپ کے سائٹ آفس نمبر 6 کو نقصان پہنچایا۔

شکایت میں مزید کہا گیا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی صورتحال پر قابو پانے کے بعد ملزم کو بحفاظت کومالیہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔

Back to top button