ثنا اللہ عباسی خیبر پختونخوا کے نئے آئی جی تعینات

حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر ثنا اللہ عباسی کو خیبر پختونخوا کا نیا انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی ) مقرر کر دیا ہے ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے آئی جی خیبر پختونخوا محمد نعیم کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گریڈ 21 کے افسر ثنا اللہ عباسی کشمیر افیئرز اینڈ گلگت بلتستان ڈویژن کے تحت گلگت بلتستان میں بطور آئی جی فرائض انجام دے رہے ہیں تاہم ان کا فوری طور پر تبادلہ کر کے انہیں آئی جی خیبر پختونخوا مقرر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ثنا اللہ عباسی انسپکٹر جنرل گلگت بلتستان کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے ، گلگت بلتستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے علاوہ ثنا اللہ عباسی نے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے خصوصی سیاحت فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ثنا اللہ عباسی کا کہنا تھا کہ تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے ماڈل پر گلگت بلتستان میں ’سیاحت پولیس ڈویژن‘ بنایا جائے گا جس میں ایک آئی جی ، ایک ایس ایس پی، 75 سب انسپکٹرز، 105 ہیڈ کانسٹیبل، 315 مرد کانسٹیبلز ، 70 خواتین کانسٹیبلز اور 70 آفیشل سٹاف سمیت 600 سے زائد عملہ ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 9 فروری 2019 کو چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نوید کامران بلوچ کو عہدے سے ہٹانے کے بعد صوبے کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس صلاح الدین خان محسود کا تبادلہ بھی کر دیا تھا اور محمد نعیم خان کو خیبر پختونخوا کا نیا آئی جی تعینات کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس سروس گریڈ 21 کے افسر آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ محمد نعیم خان کو آئی جی خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا تھا۔اس سے قبل محمد نعیم خان آئی جی آزاد کشمیر تعینات تھے جبکہ ان کی جگہ صلاح الدین محسود کو وہاں کا آئی جی تعینات کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button