جاڈا پنکٹ کا خود سے نصف عمر شخص سے غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف

ہالی ووڈ اداکارہ، گلوکار، کامیڈین و لکھاری 48 سالہ جاڈا پنکٹ اسمتھ نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے شادی شدہ ہونے کے باوجود 4 سال قبل خود سے نصف عمر شخص سے غیر ازدواجی تعلقات استوار کیے تھے۔
جاڈا پنکٹ نے اپنے شوہر معروف اداکار 51 سالہ ول اسمتھ کے ساتھ فیس بک پر لائیو پروگرام کرنے کے دوران مذکورہ اعتراف کیا۔ دونوں میاں بیوی نے مذکورہ منفرد پروگرام ایسے وقت میں کیا جب کہ چند دن قبل امریکی گلوکار 27 سالہ آگسٹ السینا نے ایک انٹرویو میں جاڈا پنکٹ اسمتھ سے تعلقات کے حوالے سے کئی انکشافات کیے تھے۔
آگسٹ السینا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جب ان کے اور ان سے عمر میں دگنی بڑی اداکارہ جاڈا پنکٹ کے درمیان تعلقات استوار ہوئے تھے اس وقت انہیں ایسا لگا جیسے جاڈا پنکٹ کو غیر ازدواجی تعلقات استوار کرنے کی اجازت ان کے شوہر نے دی ہے۔


آگسٹ السینا اور جاڈا پنکٹ اسمتھ کے درمیان 2016 میں اس وقت تعلقات استوار ہوئے تھے جب اداکارہ اپنے شوہر سے الگ ہوگئی تھیں۔ جاڈا پنکٹ اور ول اسمتھ کچھ تلخیوں اور مسائل کی وجہ سے کچھ عرصے تک ایک دوسرے سے الگ ہوگئے تھے اور اس وقت چہ مگوئیاں تھیں کہ دونوں میں طلاق ہوجائے گی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ جاڈا پنکٹ اور ول اسمتھ نے 1997 میں شادی کی تھی اور دونوں کے 2 بچے بھی ہیں اور دونوں کے حوالے سے یہ قیاس آرائیاں بھی ہوتی رہتی ہیں کہ وہ متنازع عقیدے ’سائنٹولوجی‘ کے پیروکار ہیں۔
’سائنٹولوجی‘کا عقیدہ امریکا سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں کام کرتا ہے، اس عقیدے کے ماننے والے چرچ کی طرح چلنے والے ایک نظام کے تحت اپنے عقائد پر عمل کرتے ہیں۔ اس نظریات کے حامل افراد کےلیے امریکا میں ’چرچ آف سائنٹولوجی‘ الگ اور آزاد طریقے سے کام بھی کرتا ہے، اس چرچ کی کئی برانچز ہیں، جن میں سائنٹولوجسٹ خدمات سر انجام دیتے ہیں۔
دونوں کے درمیان جب علیحدگی ہوگئی تھی، اسی دوران ہی جاڈا پنکٹ نے خود سے نصف عمر شخص آگسٹ السینا سے تعلقات استوار کرلیے تھے۔ اس وقت جاڈا پنکٹ کی عمر 44 سال جب کہ آگسٹ السینا کی عمر 23 سال تھی اور دونوں کو سرعام ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جاتا تھا۔
حال ہی میں آگسٹ السینا نے جاڈا پنکٹ سے تعلقات کے حوالے سے کئی انکشافات کیے تھے، جن میں سے ایک یہ بھی تھا کہ انہیں ایسا لگتا تھا کہ جاڈا پنکٹ کو شاید ایسے تعلقات استوار کرنے کی اجازت خود ان کے شوہر نے دے رکھی ہے۔ آگسٹ السینا کے انٹرویو کے بعد جاڈا پنکٹ اور ول اسمتھ کے حوالے سے کئی چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں، جس کے بعد دونوں میاں بیوی نے فیس بک پر آکر پروگرام کیا اور تمام قیاس آرائیوں پر بات کی۔
آگسٹ السینا کے انٹرویو کے بعد یہ چہ مگوئیاں بھی ہونے لگی تھیں کہ جاڈا پنکٹ اور ول اسمتھ نے ایک ایسی شادی کر رکھی ہے، جس میں میاں اور بیوی دونوں کو اجازت ہوتی ہے کہ وہ کسی تیسرے شخص سے بھی جنسی تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔ ایسی چہ مگوئیوں کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ پروگرام کرتے ہوئے ایسی تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کیا۔
انٹرویو کے دوران جاڈا پنکٹ اسمتھ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے آگسٹ السینا سے تعلقات استوار کیے تھے۔ اداکارہ نے کہا کہ جب ان کے اور شوہر کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی، اس وقت وہ بہت اکیلی پڑ گئی تھیں اور وہ تکلیف میں تھیں۔
جاڈا پنکٹ اسمتھ نے کہا کہ آگسٹ السینا سے تعلقات سے انہیں کچھ راحت ملی تھی تاہم انہوں نے ان چہ مگوئیوں کو یکسر مسترد کیا کہ انہیں ایسے تعلقات استوار کرنے کی اجازت شوہر نے دی تھی۔ جاڈا پنکٹ کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے آگسٹ السینا سے تعلقات استوار کیے تو اس میں ان کی ذاتی مرضی اور اجازت شامل تھی، انہیں ایسا کرنے کی اجازت کسی اور نے نہیں دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button