نواز شریف اور شہبازشریف سے درخواست ہے کہ ماحول خراب کرنے والوں کو سمجھائیں، شرجیل میمن

سندھ کے سینئروزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نواز شریف اور شہبازشریف سے درخواست ہے کہ ماحول خراب کرنے والوں کو سمجھائیں، وزیراعظم بعض لوگوں کوحالات بگاڑنے والے بیانات سےروکیں،بیان بازی نہ رکی تو ہمارے ترجمان جواب دینے پر مجبور ہوں گے، ہمارے لیےآسان ہےکہ حکومت کو آج خدا حافظ کہہ دیں لیکن ہم چاہتےہیں کہ سسٹم چلے،اسمبلیاں چلیں، وفاق سے بیٹھ کر مذاکرات کے لیے تیار ہیں،متبادل حل تلاش کیے جائیں۔
وزیر توانائی سندھ ناصرحسین شاہ اورسینیٹر عاجر دھامرا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نےکہا کہ پیپلزپارٹی اورسندھ حکومت کینالز معاملے پر پہلے دن سے اپنے موقف پر قائم ہے اور متنازعہ کینالز کا مسئلہ حل کرنےکیلئےکوشاں ہے۔
انہوں نےکہا کہ 25جنوری 2024 کو ارسا کے اجلاس میں سندھ کےنمائندے احسان لغاری نے پانی کی دستیابی پر اعتراض کیا، نگران حکومت کےدورمیں ارسا کا اجلاس ہوا تو پنجاب کو پانی کا سرٹیفکیٹ جاری کیاگیا، سندھ کےنمائندے نے اس پر اعتراض اٹھاتے ہوئےنوٹ لکھاکہ پانی نہیں ہے،سرٹیفکیٹ واپس لیاجائے۔
شرجیل میمن نےکہا کہ 13 جون کو سمری بنی جس میں واضح طور پرکینال پراعتراض کیاگیا، 14جون کو وزیراعلیٰ نےاس پر دستخط کیے،سندھ حکومت نے سب سےپہلے اعتراضات کیے۔
بلاول نے جلسے میں جوبات کی وہ جوش خطابت میں کی،سندھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا:راناثناللہ
سینئر وزیرنےمزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نےسی سی آئی اجلاس بلانےکے لیےمتعدد خطوط لکھے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اورپیپلزپارٹی کا واضح موقف ہےکہ کینالز نہ بنائےجائیں، پنجاب میں زیرزمین میٹھا پانی موجود ہے اس سے کاشتکاری ہوسکتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ رانا ثنا اللہ کا 2 دن پہلے فون آیا اور انہوں نے کہا وزیراعظم اس معاملےکو حل کرناچاہتاہیں، رانا ثنااللہ سے کل اور آج بھی بات ہوئی، شرجیل میمن نے کہا کہ شہباز شریف پوری ملک کے وزیر اعظم ہیں، لوگوں کے خدشات ختم کرنے چاہیے،ملک عوام کےساتھ ہوتا ہے۔
انہوں نےکہاکہ 1991 کے معاہدے کے تحت بھی ہمیں پانی نہیں مل رہا ہے،قانونی اور آئینی طور پر جو ہمارا پانی کا شیئر بنتا ہے وہ دے دیں۔
سینئر وزیرنےکہا کہ احتجاج کرنا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن سڑکوں کو بلاک نہ کریں، ٹرکوں میں مویشی پھنسے ہوئے ہیں، ان کوخوراک نہیں پہنچ پا رہی ہے، برآمدی سامان پھنسا ہوا ہے، میری التجا ہےکہ لوگوں کاخیال کریں، احتجاج کو پرامن رکھیں۔
شرجیل ممین نےکہا کہ کینالز معاملےپر ن لیگ کےسنجیدہ لوگوں سےبات ہورہی ہے اور کچھ وزرا غیر ضروری بیان بازی کر رہے ہیں، اس طرح کی باتیں کرنے والے لوگ غیرسیاسی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ رانا ثنااللہ نے جو بات کی ہم اس کوخوش آئند قرار دیتے ہیں، اگر ہمارے طرف سے بھی شعلہ بیانی ہوئی تو بات بنےگی نہیں،ن لیگ اپنے وزرا کو سمجھائےورنہ پھر شاید ہم اپنے ترجمانوں کو روک نہ سکیں۔
انہوں نےکہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کےدرمیان حالات خراب ہوں،نواز شریف اور شہبازشریف ماحول خراب کرنے والوں کو سمجھائیں۔