جسٹن لینگر نے کھلاڑیوں کی انجریز کا ذمہ دار آئی پی ایل کو قرار دیدیا

آسٹریلین ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ تاخیر سے ہونے والی انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) بھارت اور آسٹریلیا کے مابین حالیہ ٹیسٹ سیریز میں کھلاڑی کو ہونے والے انجریز کی ذمہ دار ہیں۔ آئی پی ایل عمومی طور پر مارچ میں شروع ہوتی ہے تاہم کورونا وائرس کے باعث جہاں دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے وہیں بھارتی لیگ بھی ملتوی کرنا پڑی۔
اس کے بعد آئی پی ایل کو متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا کیوں کہ بھارت میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا تھا، لیگ کا آغاز 19 ستمبر کو ہوا اور فائنل 11 نومبر کو کھیلا گیا۔ آئی پی ایل کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں 14 روزہ قرنطینہ کرنا پڑا جس کے فوری بعد ہی ون ڈے سیریز کا آغاز ہوگیا۔ 50 سالہ جسٹن لینگر نے کہا کہ یہ واقعی دلچسپ ہے کہ اس سال کتنے زیادہ کھلاڑی زخمی ہوئے ہیں، ہم نے وائٹ بال سیریز اور بھارت نے ٹیسٹ سیریز کے دوران کئی کھلاڑی انجری کے باعث کھوئے، ہم اس کا جائزہ لیں گے لیکن یہ سوچنے کی بات ہے کہ اس سال شاید آئی پی ایل کا اتنی دیر سے اور اتنی بڑی سیریز سے فوری پہلے ہونا کسی کےلئے مثالی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر اور مارکس اسٹوئنس وائٹ بال سیریز کے دوران زخمی ہونے والے آسٹریلین کھلاڑی تھے۔ بھارت نے ٹیسٹ سیریز کے دوران لوکیش راہول ، محمد شامی ،امیش یادو اور اب آل راؤنڈر روندرا جدیجہ کو زخمی ہونے کے باعث کھو دیا ہے۔ سڈنی میں دوسری اننگز میں ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والےہنوما وہاری کی فٹنس پر بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں جب کہ سپنر روی چندرن ایشون بھی کمر کی تکلیف سے دوچار ہیں، ہندوستانی میڈیا میں یہ خبریں شائع ہورہی ہیں کہ فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ بھی چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہوسکتے ہیں۔ جسٹن لینگر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے آئی پی ایل بہت پسند ہے۔ میں اب آئی پی ایل اسی طرح دیکھتا ہوں جیسے ایک زمانے میں نوجوان کھلاڑیوں کےلئے کاؤنٹی کرکٹ دیکھتا تھا ،نوجوان کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر بہت کچھ سیکھتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کےلیے آئی پی ایل بھی کچھ ایسا ہی کردار ادا کررہی ہے، اس سے ان کی وائٹ بال گیم مزید بہتر ہوجاتی ہے لیکن شاید اس سال آئی پی ایل کروانے کا یہ وقت ٹھیک نہیں تھا اور مجھے لگتا ہے کہ اس سے دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں کی انجریز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button