جناح ہاؤس حملے کی ہوشربا تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور میں 9مئی کو جناح ہاؤس پر شر پسندوں کے حملے کی ہوشربا اہم تفصیلات سامنے آگئیں جس میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر قائدین کا نام بھی شامل ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق دوپہر 2:35 سے لے کر 2:40 تک پرتشدد مظاہرین زمان پارک لاہور میں اکٹھے ہونا شروع ہوئے، 2:55 سے 3:20 کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر شر پسند قائدین لبرٹی چوک پہنچے۔ سہہ پہر 4:05 پر مشتعل ہجوم نے کینٹ کا رُخ کیا اور 4:05 پر پہلے سے شرپسندوں کا ایک ٹولہ شیرپاؤ برج پر پہنچا ہوا تھا۔
شام 5:15 پر پہلا دھاوا جناح ہاؤس پر بولا گیا جو 25 سے 30 افراد پر مشتمل تھا لیکن اُسے واپس دھکیل دیا گیا، 5:27 پر شرپسندوں نے جناح ہاؤس پر بتدریج بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ دوبارہ انٹری کی اور 5:30 سے 6 بجے تک ان شرپسندوں نے بھرپور انداز میں جناح ہاؤس میں شدید توڑ پھوڑ کر کے اسے شدید نقصان پہنچایا۔
