’’جوائے لینڈ‘‘ نے 2023 کی بہترین فلم کا اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستانی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کی جانب سے عالمی سطح پر ریکارڈ قائم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، بیشتر عالمی ایوارڈز حاصل کرنے کے بعد برطانوی اخبار گارجین نے فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کو 2023 کی بہترین فلم قرار دے دیا۔
برطانوی اخبار گارجین نے اعزاز حاصل کرنے والی فلم ٹرانسجینڈر کے موضوع پر مبنی ہے، صائم صادق کی فلم میں علی جونیجو اور علینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
گارجین نے ’جوائے لینڈ‘ کو ایک لطیف ٹرانس ڈراما قرار دیا ہے جو ایک بیوہ کی جنسی شناخت اور معاشرتی مسائل کو بحث بناتا ہے، جوائے لینڈ کو پاکستان کی طرف سے آسکر میں بھیجا گیا اور شارٹ لسٹ بھی ہوئی لیکن وہ آسکر جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔پاکستان میں فلم کو ریلیز کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور متعدد حلقوں کی طرف سے اسے ایک پروپیگنڈا فلم قرار دیا گیا تھا۔
’جوائے لینڈ‘ لاہور کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے محنت کش شادی شدہ نوجوان (حیدر) کی کہانی ہے، جو ایک ڈانس تھیٹر میں شامل ہوتا ہے اور ایک ٹرانس جینڈر (بیبا) سے محبت کر بیٹھتا ہے۔ فلم میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، ثنا جعفری، علینہ خان سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔
پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ‘کانز’ میں ایوارڈ اپنے نام کر کے تاریخ رقم کی تھی، کانز فلمی میلے میں جوائے لینڈ نے دو کیٹیگیریز میں ایوارڈز حاصل کیے جن میں ’جیوری پرائز ان دی ان سرٹن ریگارڈ‘ اور ’کانز قیور پالم‘ پرائز شامل ہیں، جیوری پرائز ان دی ان سرٹن ریگارڈ‘ کو اس فلمی میلے کا دوسرا بڑا ایوارڈ تسلیم کیا جاتا ہے۔
تنازعات، افواہوں اور قیاس آرائیوں کے درمیان، متعدد بین الاقوامی فلمی میلوں میں ایوارڈز اور داد وصول کرنے والی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کو ملک میں نمائش کے لیے پیش کرنے سے ایک روز قبل 17 نومبر کو پاکستان کے آبادی کی لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ اسے ملک کے مختلف حصوں میں نمائش کے لیے ریلیز کی اجازت دی گئی تھی۔

Back to top button