جیکلین فرنینڈز عدالتی چکروں میں کیسے پھنس گئیں؟

منی لانڈرنگ، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزامات میں تہاڑ جیل میں قید سُکیش چندرا شیکھر سے ہیروں کے ہار، گوچی کے کپڑے، اور دیگر مہنگے تحائف لینے پر بالی ووڈ سپر سٹار جیکلین فرنینڈز کو بالآخر ممبئی کی عدالت سے ضمانت تو مل گئی ہے لیکن ابھی ان کی گرفتاری کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔

جیکلین فرنینڈز 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کے مقدمے میں ضمانت کے لیے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں پیش ہوئی تھیں اور اگر انہیں ضمانت نہ ملتی تو ان کی گرفتاری کا واضح امکان موجود تھا، بالی وڈ اداکارہ ایک ملزمہ کی حیثیت سے سماعت کے بعد عدالت سے باہر نکلیں تو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے باہر میڈیا اور لوگوں کا ہجوم جمع تھا۔

اس پیشی کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیکلین فرنینڈز اپنی قانونی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد باہر آتی ہیں، لیکن یہ صورت حال جلد ہنگامہ آرائی کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس میں کیمرہ مین، صحافی اور دیگر افراد اداکارہ کے قریب جانے کے لیے دھکم پیل شروع کر دیتے ہیں۔اس دوران جیکلین فرنینڈز پولیس اہلکاروں اور اپنے وکلا کی مدد سے ہجوم کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ سُکیش چندرا شیکھر منی لانڈرنگ، فراڈ اور دھوکہ دہی کے 200 کروڑ روپے کے کیس میں مرکزی ملزم ہیں اور تہاڑ جیل میں قید ہیں، انڈیا کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ سلیبریٹیز جیکلین فرنینڈز اور نورا فتحی کو ایک فراڈیے کے طور پر پہچانے جانے والے سکیش چندرشیکر کی طرف سے قیمتی تحائف دیئے گئے ہیں۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی چارج شیٹ کے مطابق ’تحقیقات کے دوران، جیکلین فرنینڈز کے بیانات 30 اگست 2021 اور 20 اکتوبر 2021 کو ریکارڈ کیے گئے، جیکلین فرنینڈز نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں گوچی، چینل کے تین ڈیزائنر بیگز، گوچی کے دو ملبوسات، لوئس ویٹن کے جوتے، ہیرے کی بالیاں اور مختلف رنگوں کے پتھروں سے بنی بریسلیٹ، دو ہرمیس بریسلیٹ جبکہ ایک منی کوپر بھی دیا گیا جو انہوں نے لوٹا دیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق جیکلین فرنینڈز نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سکیش چندرشیکر نے کئی مواقع پر ان کے لیے نجی جیٹ طیاروں پر سفر کا بھی انتظام کیا جو ہوٹل میں قیام کے علاوہ تھا، یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سکیش چندرشیکر نے نورا فتحی کو گزشتہ سال دسمبر میں 2020 میں ایک بی ایم ڈبلیو گاڑی بھی تحفے میں دی جو محبوب خان کے نام سے رجسٹر ہے۔

Back to top button