حمائمہ ملک کو استنبول میں ہنگامی آپریشن کیوں کروانا پڑا؟

معروف اداکارہ حمائمہ ملک استنبول میں تب شدید علالت کا شکار ہوگئی جب اچانک انکا اپنڈکس پھٹ گیا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جانا پڑا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا۔ کامیاب آپریشن کے بعد حمائمہ ملک نے نئی زندگی ملنے پر خدا کا شکر ادا کیا ہے اور مداحوں سے دعا کی اپیل کی ہے۔
حمائمہ گزشتہ ہفتے ترکی کے شہر استنول میں ہونے والے انٹرنیشنل پاکستان پریسٹیج ایوارڈز کی رنگا رنگ تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے گئی تھیں۔ تاہم تقریب کے فورا بعد انکا اپینڈیکس پھٹ گیا جس کے بعد انہیں ہنگامی طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکے اپینڈکس کی کامیاب سرجری کردی گئی۔ اداکارہ نے اب انسٹاگرام پر ہسپتال کے بستر سے اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں استنبول میں اچانک پیٹ میں درد ہوگیا تھا، جس کے باعث انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ ان کا ’اپینڈکس‘ پھٹ چکا ہے۔ حمائمہ نے نئی زندگی ملنے پر خدا کا شکرا ادا کیا اور لکھا کہ ’یہ نظر بڑی بڑی چیز یے اور کسی کی جان بھی لے سکتی ہے‘۔ تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ انہیں کس کی نظر لگی ہے۔
حمائمہ ملک نے اپنی پوسٹ میں لوگوں سے التجا کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے لوگوں کے لیے دعائیں کرتے رہا کریں اور انکے لیے بھی دعا کریں، کیوں کہ نظر ایک اچھا بھلا چلتا پھرتا شخص مار سکتی ہے۔اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہر کسی کو پیار سے دیکھیں، کسی کو نظر نہ لگائیں اور خدا ہر کسی کو حسد کی نظر سے بچائے۔ حمائمہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے 22 گھنٹے استنبول کے ایک ہسپتال میں ’ریپچر اپینڈکس‘ کی وجہ سے گزارے اور موت کو بہت قریب سے دیکھا۔انہوں نے لکھا کہ ’خدا نے انہیں نئی زندگی دی ہے۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد رہنے والے افراد کا خیال رکھیں، کیوں کہ زندگی بہت مختصر ہے، کسی کو کچھ پتہ نہیں، کب کس کی زندگی ختم ہوجائے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اپنے اہل خانہ سمیت تمام مداحوں کا دعاؤں کے لیے بھی شکریہ ادا کیا۔حمائمہ ملک نے اپنی پوسٹ میں فلسفیانہ بات لکھتے ہوئے لکھا کہ ’ہم خود کو بادشاہ مان کر پتہ نہیں کس غرور کے ساتھ سوتے اور جاگتے ہیں حالانکہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہیں اور یک ایک لمحے میں بھی جا سکتی ہے‘۔ انہوں نے لکھا کہ ’سارے جہاں کا مالک ایک لمحے میں ہر چیز مٹا سکتا ہے، اور سب کچھ ہلا سکتا ہے‘۔
اداکارہ نے ہسپتال کے بستر پر کھچوائی گئی اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مرزا غالب کا شعر لکھا کہ ’ڈبویا مجھ کو ہونے نے، میں نہ ہوتا تو کیا ہوتا!؟‘ حمائمہ کی جانب سے یہ پوسٹ کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
