ملالہ کے شوہر عصر ملک کون ہیں اور دونوں کہاں ملے؟


دسمبر 2014 میں صرف 16 برس کی عمر میں نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی کو تو دنیا اچھی طرح جانتی ہے لیکن ان کے شریک حیات عصر ملک سے متعلق بہت ہی کم معلومات دستیاب ہیں۔ آئیے ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ملالہ کے شوہر عصر ملک کون ہیں؟ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ عصر اگرچہ عوامی شخصیت نہیں ہیں، تاہم وہ کھیل اور میڈیا سے منسلک لوگوں کے لیے ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ وہ اسپورٹس منیجمنٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔عصر ملک کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مختصر پروفائل کے مطابق وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ’نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر‘ میں جنرل منیجر ہیں۔ عصر ملک کو پی سی بی نے 29 مئی 2020 کو این ایچ پی سی میں ہائی پرفارمنس منیجر کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ اس سے قبل وہ پاکستان سپر لیگ یعنی پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطان کی منیجمنٹ سے وابستہ تھے۔
عصر ملک کا تعلق لاہور کے ایک مڈل کلاس خاندان سے ہے اور انہوں نے اپنی پوری تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کی ہے، وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز یعنہ لمز کے تعلیم یافتہ ہیں۔ عصر نے ٹوئٹر پر جون 2017 میں اپنا اکاؤنٹ بنایا تھا اور انہوں نے تاحال محض 982 ٹوئٹس کی ہیں۔ ان کے ٹوئٹر پر 4 ہزار 402 فالوورز ہیں۔انہوں نے ٹوئٹر پر ایک ہزار سے زائد افراد کو فالو بھی کر رکھا ہے، عصر نے جن شخصیات کو فالو کر رکھا ہے، ان میں ان کی شریک سفر ملالہ اور سسر ضیا الدین یوسف بھی شامل ہیں جبکہ حیران کن طور پر انہیں ملالہ یوسف زئی نے ٹوئٹر پر فالو نہیں کیا۔
اسی طرح اگر عصر ملک کے انسٹاگرام کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ انہوں نے وہاں صرف 21 پوسٹس کی ہیں اور ان کے وہاں 7 ہزار سے زائد فالورز ہیں۔انسٹاگرام پر عصر نے 55 شخصیات اور اداروں کو فالو کر رکھا ہے اور انہوں نے جن شخصیات کو فالو کیا ہے، اس میں ملالہ اور ان کی تنظیم ملالہ فنڈ بھی شامل ہے۔
عصر ملک نے ملالہ یوسف زئی کے ساتھ سب سے پہلی تصویر بھی انسٹاگرام پر ڈھائی سال قبل جون 2019 میں شیئر کی تھی۔انہوں نے ملالہ کے ساتھ کھنچوائی گئی جو سب سے پہلی تصویر شیئر کی تھی، اس میں ملتان سلطان ٹیم کے مالک اور جہانگیر ترین کے بیٹے علی خان ترین، سابق کرکٹر ثقلین مشتاق، اداکار عدنان ملک اور ملالہ کے چند ساتھی بھی موجود ہیں۔ یہ تصویر انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ سیریز کے دوران کھینچی گئی تھی۔
عصر ملک نے ٹوئٹر پر بھی ملالہ یوسف زئی اور بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ کھچوائی گئی ایک تصویر بھی جولائی 2021 میں شیئر کی تھی۔ عصر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ملالہ سے متعلق پوسٹس، نوبیل انعام یافتہ کے بیانات، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہے ہیں۔
سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی نے ملالہ اور ان کے شوہر کے حوالے سے معلومات دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بتایا کہ عصر ملک کا تعلق لاہور کی پنجابی فیملی سے ہے اور وہ مڈل کلاس کے نوجوان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’ملالہ اور عصر کی ملاقات دو سال پہلے برمنگھم میں تب ہوئی جب پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچز جاری تھے‘۔ عبدالماجد بھٹی کے مطابق ’پاکستان کرکٹ بورڈ میں آنے سے پہلے عصر ملک ملتان سلطانز کے جنرل منیجر آپریشن تھے، ان کی ملالہ سے دو سال پہلے دوستی ہوئی تھی اور پچھلے کچھ مہینوں سے عصر ملک نے اچانک برطانیہ جانا شروع کردیا تھا‘۔ انہوں نے بتایا کہ’ کرکٹ بورڈ کے لوگوں کو تب کافی حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب عصر ملک کی سکیورٹی میں غیر معمولی اضافہ ہوا‘۔ ماجد بھٹی کا کہنا تھا کہ نکاح سے کچھ عرصہ پہلے ملالہ کی پی آر کمپنی نے کرکٹ بورڈ کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کرکے عصر سے متعلق کچھ چیزیں کنفرم کیں‘۔ ملالہ کی ابھی رخصتی ہونا باقی ہے اور امکان ہے کہ ان کے شوہر شادی کے بعد مستقل طور پر برطانیہ منتقل ہوجائیں گے۔ تاہم رخصتی کے حوالے سے تاحال کوئی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ عبدالماجد بھٹی نے بتایا کہ’ ملالہ یوسفزئی کو کرکٹ کا کافی شوق ہے اور وہ اکثر میچز دیکھنے انگلینڈ کے سٹیڈیمز پہنچ جاتی ہیں۔

Back to top button