حکومت قومی اثاثوں سے اپنی اے ٹی ایمز کو نواز رہی ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے وفاقی حکومت کی نجکاری کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے دوستوں اور اے ٹی ایمز کو نواز رہی ہے۔
خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘پی آئی اے کو تباہ و برباد کرکے اپنے بیانات کی وجہ سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، پی آئی اے نے دنیا کی کئی ایئرلائنز کی بنیاد رکھی لیکن آج خود تباہ و برباد ہوگئی ہے کیونکہ یہاں تنازع ختم نہیں ہورہا ہے کہ 262 پائلٹس کے لائسنس غلط تھے، 50 یا 40 کے غلط تھے’۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر صاحب کہتے ہیں کہ ان پائلٹس نے جعلی امتحانات دیے، جعلی ڈگریاں یا جعلی لائسنس تھے، یہ ارادے کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل کو صحیح نیت کے ساتھ آگے بڑھائیں تو یہ ملک و قوم کے لیے بہتر ہوگا، بے روزگار ہونے والے افراد کے لیے روزگار کا انتظام کریں گے تو آپ کے لیے اچھا ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے پی آئی اے کے حوالے سے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ‘جب آپ اس کوتباہ کرکے قصداً کوڑیوں کے بھاؤ ایسی مارکیٹ میں دینے کی کوشش کریں گے جو خود تباہی کے دہانے پر پہنچی ہوئی ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘دنیا میں کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ آپ اپنا گھر اس وقت بیچنے جائیں جب مارکیٹ میں خریدار ہی نہ ہوں اورخریدار خود کھڑے کردیں، لوگوں کو ان کے نام بھی پتہ ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا میں ان لوگوں کے نام بھی پتہ ہیں جو یہ جائیدادیں خریدنا چاہتے ہیں اور قطار میں لگے ہوئے ہیں’۔
حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘موجودہ حکومت اپنے قریبی لوگوں اور اپنی اے ٹی ایمز کو نواز رہی ہے، ہمیں نجکاری پر کوئی اصولی اختلاف نہیں ہے’۔خواجہ آصف نے کہا کہ لوگ چہرے پہچانتے ہیں، لوگوں کو شناخت ہے، وقت آنے پر اس کے نتائج نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ نجکاری کے عمل سے کسی کا ادھار نہ چکائیں، یا کسی نے آپ کی جیب میں چار پیسے ڈالے ہیں اس کی ادائیگی قوم کے پیسوں سے نہ کریں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ‘اگر کوئی آپ کے کام آیا ہے اور خرچہ اٹھایا ہے تو خدا کے لیے اس کے خرچے کا بدلہ قوم کے پیسوں سے نہ دیں، دوائی مہنگی کرکے نہ دیں، گندم اور چینی مہنگی کرکے نہ دیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘جہانگیر ترین کو جانے دیا جبکہ یہاں سیکڑوں لوگ حکومت کے مختلف شکنجوں میں آئے ہوئے ہیں لیکن جہانگرین ترین چلاگیا’۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ‘اس وقت ہم اجتماعی خود کررہے ہیں اورجو لوگ آج خاموش رہیں گے ان کی خاموشی مجرمانہ ہوگی، آج اس کرپشن پر جو آواز نہیں اٹھائے گا وہ مجرم ہوگا’۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘انہوں نے نجکاری کے نام پر نئی روش اختیار کی ہے’

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button