حکومت کا آئندہ 15 روز کیلئے پٹرولیم قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

حکومت نے آئندہ 15 روز کیلئے پٹرولیم قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔
انہوں نے کہا پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی، مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے برقرار رہے گی۔ واضع رہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے ہے، جس پر حکومت 32.42 روپے پیٹرولیم لیوی حاصل کر رہی ہے۔
انکا کہناتھا ڈیزل کی قیمت 235.30 روپے ہے جس پر پیٹرولیم لیوی 12.58 روپے ہے مٹی کے تیل کی قیمت 191.83 روپے ہے جس پر پیٹرولیم لیوی 15 روپے لگی ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 186.50 روپے کی سطح پر ہے اور پیٹرول لیوی 10 روپے حاصل کی جا رہی ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کردی گئی ہے جبکہ تین ماہ سے پھنسی ہوئی ایل سی میں رعایت دینے اور یکم نومبر سے ایک لاکھ ڈالر مالیت تک کی ایل سیز کلیئر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پہلے 50 ہزار ڈالر تک ایل سی کو کلیئر کرنے کی اجازت دی تھی، اس فیصلے سے اب مزید 1350 ایل سیز فوری کلیئر ہوجائیں گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پہلے 4350 ایل سیز کلیئر کراچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 8 ہزار سے زائد ایل سی رکی ہوئی تھیں۔
