خان اوورسیز پاکستانیوں کیخلاف سازش کررہا ہے
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات کے نام پر اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ گیم کھیلی جا رہی ہے کیونکہ خان صاحب سازش میں ملوث ہیں ۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پختونخوا کے بہادر پشتون بھائی ان کے ساتھ ہیں تو ان کا راستہ نہیں روک سکتا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اپنی زندگی کے آخری دن سے ایک دن پہلے پشاور میں موجود تھیں ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے ہدایت دی تھی کہ پیپلز پارٹی کا جلسہ پشاور میں نہیں ہو گا، انتظامیہ نے اس جلسے کے لیے اجازت نہیں دی لیکن سلیکٹڈ دیکھو آج پورا کا پورا پشاور یہاں ہے ۔ہمارے کچھ دوستوں نے بھی پشاور میں جلسہ رکھنے کی کوشش کی اور اب وہ تحقیقات کررہے ہیں کہ کیوں اتنی جماعتیں اکٹھی ہونے کے باوجود ان کا بھی پشاور کا جلسہ ناکام ہی رہا۔
بلاول نے مزید کہا کہ یہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو اس ملک پر مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ آر ٹی ایس ٹو ہے، جیسے ہم نے آر ٹی ایس الیکشن کو رد کیا تھا ویسے ہی ہم الیکشن ووٹنگ مشین کے الیکشن کو رد کرتے ہیں، ہم صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات کے نام پر سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ گیم کھیلا جا رہا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، اگر آج ملک بھر میں اوورسیز پاکستانی ہیں، اگر آج وہ اس ملک کو تاریخی ترسیلات زر بھیج رہے ہیں تو یہ قائد عوام کا کارنامہ ہے جس نے مفت پاسپورٹ ناصرف پر پاکستانی میں بانٹا تھا بلکہ بیرون ملک ان کے روزگار کے بندوبست کے لیے باقی ملکوں کے ساتھ مذاکرات بھی کیے تھے۔
بلاول نے کہا کہ اسلام عورتوں اور بچوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا اور اگر وہ واقعی اسلام کے ماننے والے ہیں تو اسلام کے قانون کے مطابق ہماری عورتوں کے قاتلوں کو پکڑ کر دے دیں ، بچوں، خواتین اور فوجیوں کے قتل اور سنگین جرائم میں ملوث دہشت گردوں کو سزا ملنی چاہیے ۔
