دھاندلی زدہ حکومت انتخابی اصلاحات کر رہی ہے

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ دھاندلی کر کے آنے والی حکومت انتخابی اصلاحات اور قانون سازی کرنے میں مصروف ہے لیکن ہم اس سب کو جوتے کی نوک پر رکھیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں 10سال سے یہ بات کہہ رہا ہوں کہ عمران خان پاکستان کی سیاست کا غیرضروری عنصر ہے ، وہ نالائق اور نااہل ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ریاستوں کی بقا کے لیے دو بنیادی عناصر دفاعی اور معاشی قوت ہوتے ہیں، دفاع ایک ادارہ ہے اور دفاعی قوت ہماری فوج ہے اور افواج پاکستان اسی قوم سے بنتی ہے لیکن ماضی میں ان کے کچھ غلط فیصلوں نے خود ہماری دفاعی قوت پر سوالات کھڑے کردیئے ۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہماری یہ تحریک واضح موقف رکھتی ہے کہ ہمارے ان اداروں کو اپنے دائرے کی طرف واپس جانا چاہئے تاکہ وہ غیرمتنازع رہیں اور اس ملک کی بقا کا سبب بن سکیں اگر ملکی معیشت تباہ ہو جاتی ہے، ہر طرف غربت اور بے روزگاری کی ہوائیں چلنے لگتی ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے بقا اور تحفظ کی جنگ میں مصروف عمل ہیں ، بندوق اٹھانے سے خاندان اور شہر اجڑتے ہیں اوریہ سب کچھ پشتون بلوچوں سے زیادہ کون جانتا ہے۔

Back to top button