رمضان المبارک کے دوران کونسے ڈرامے ہٹ جا رہے ہیں؟

رمضان المبارک کے دوران شائقین کی تفریح اور مزاح کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ خصوصی ڈرامے شروع کیے گئے ہیں جن میں ’’سنو چندا‘‘ کافی مقبولیت حاصل کر رہا ہے، اس ڈرامے کے لگا تار دو سال دو سیزن بھی نشر ہوئے جسے شائقین نے بے حد پسند بھی کیا۔قبل ازیں ڈراما ’ہم تم‘ بھی بے حد پسند کیا گیا جس میں احد رضا میر، رمشا خان، جنید خان اور سارہ خان شامل تھے۔’ہم ٹی وی‘ کا کامیڈی ڈراما ’’دل پہ دستک‘‘ حسن امام نے لکھا ہے اور اس کی ہدایت کاری علی مسعود سعید نے کی ہے جبکہ مرکزی کرداروں میں خاقان شاہنواز اور عینا خان جلوہ گر ہوں گے اور اسے مومنہ دُرید پروڈکشن نے پروڈیوس کیا ہے۔’’دل پہ دستک‘‘ یکم رمضان (12 مارچ) سے ہر روز شام 7 بجے نشر ہو رہا ہے۔’’ہم ٹی وی‘ کا کامیڈی ڈراما ’’ویری فلمی‘‘ بھی مومنہ دُرید نے پروڈیوس کیا، جس کی ہدایت کاری علی حسن اور مصنف محمد احمد نے کی، یہ رومانوی کامیڈی سیریز ہے جو ناظرین کو بے حد پسند آئے گی، ویری فلمی کی شاندار کاسٹ میں بشریٰ انصاری، میرا سیٹھی، دنانیر مبین، امیر گیلانی، علی سفینہ، یوکھانو اور دیگر شامل ہیں، 12 مارچ سے شروع ہونے والا یہ ڈراما ہر رات 9 بجے نشر ہو رہا ہے۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والا ڈراما ’’تیرے میرے سپنے‘‘ بھی دو پیار کرنے والوں کی کہانی ہے۔ثمرہ بخاری کےتحریر کردہ ڈرامے کی ہدایات کاری علی فیضان نے دی ہے، اس میں شہزاد شیخ، سبینہ فاروق، نور حسن، حنا بیات، ثاقب سمیر، مانی، حرا سومرو اور مدیحہ رضوی جلوہ گر ہوں گے۔ڈرامہ روزانہ رات 9 بجے نشر کیا جا رہا ہے۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے ڈرامے ’’عشق وے ‘‘میں مزاحیہ اور رومانس کا تڑکا ہے، یہ ایک فیشن ڈیزائنر کی کہانی بھی دکھائی گئی ہے جسے کیریئر چوائس کے لیے اپنی فیملی کی طرف سے مخالفت کا سامنا ہے۔ڈرامے کو عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے، جبکہ امر خان نے تحریر کیا ہے اور زاہد محمود نے ڈائریکٹ کیا ہے، ڈرامے کو روزانہ شام 7 بجکر 15 منٹ پر نشر کیا جا رہا ہے۔جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والے ڈرامے ’’اُم عائشہ‘‘ میں اداکارہ نمرہ خان نے حجاب پہننے والی لڑکی اُم عائشہ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، اس ڈرامے کو سلیم گھانچی کی ہدایت کاری اور عبداللہ کدوانی اور اسد قریشی نے پروڈیوس کیا ہے، ڈرامے کو روزانہ شام 6 بجے نشر کیا جا رہا ہے۔ڈراما سیریل ’رفتہ رفتہ‘ میں اداکارہ صحیفہ جبار خٹک چار سال کے وقفے کے بعد ٹیلی ویژن سکرین پر واپس آ رہی ہیں، گرین ٹی وی شو میں نشر ہونے والے اس ڈرامے میں زاویار نعمان اعجاز اور حنا دلپزیر بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔صحیفہ جبار نے کہا کہ 6 سے 8 اقساط پر مشتمل اس کامیڈی سیریز کی ہدایت کاری خالق خان کریں گے اور اسے حسن امام نے لکھا ہے۔’رفتہ رفتہ‘ 16 مارچ سے شروع ہوگا، اور ہر ہفتہ اور اتوار کو رات 8 بجے نشر ہوگا۔گرین ٹی وی پر نشر ہونے والا ڈراما ’نصیحت‘ زندگی کے اہم پہلوؤں پر مبنی ہے جسے ہم اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں میں نظر انداز کردیتے ہیں، ڈرامے کے ٹیزر کے مطابق اس میں مختلف کرداروں کی زندگیوں کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے، ڈرامے کی کاسٹ میں فیصل قریشی، سمیع خان، سمیعہ ممتاز، حنا دل پذیر اور دیگر شامل ہیں، یہ ڈراما ہر ہفتہ اور اتوار کو شام 7 بجے نشر ہو رہا ہے۔
